Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کی بڑی مارکیٹ ’حراج صواریخ‘ کی تعمیر نو کا آغاز

علاقے میں جدید طرز تعمیر کے 19 تجارتی بازار قائم کیے جائیں گے۔(فوٹو: الاقتصادیہ)
جدہ میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقمی کا کہنا ہے کہ ’حراج صواریخ‘ کی تعمیر نو کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
علاقے میں جدید نوعیت و طرز تعمیر کے 19 تجارتی بازار قائم کیے جائیں گے۔
الاقتصادیہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ’حراج صواریخ‘ کے راستوں اور اندرونی شاہراہوں کو بھی از سرنو تعمیرکیا جارہا ہے۔ دکانوں کو انتہائی منظم انداز میں بلاکس کی صورت میں تعمیر کرنے کے منصوبے پرتیزی سے عمل جاری ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’تعمیر نو کا مقصد علاقے کو جاذب نظر بنانا اور صارفین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنا ہے۔‘
بلدیہ کے ترجمان البقمی کے مطابق نئی مارکیٹ کا رقبہ 5 لاکھ 78 ہزار میٹر مربع ہوگا جہاں 19 تجارتی بلاکس تعمیر کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں پرانی اورچھپرا مارکیٹوں کو منہدم کرنے کے بعد وہاں منظم انداز میں مزید 18 بازار  3 لاکھ 54 ہزار مربع میٹر رقبے پرتعمیر کیے جائیں گے۔
مارکیٹ کو منظم انداز میں قائم کیا جائے گا جس کےلیے کنٹرول سینٹر بھی بنایا جائے گا جہاں سے پوری مارکیٹ کی نگرانی کی جائے گی
واضح رہے جدہ کی صواریخ مارکیٹ 15 ماہ سے زائد عرصے قبل مکمل طور پر بند کردی گئی تھی جبکہ دکانوں کو بھی خالی کرانے کے بعد اس کے بڑے رقبے کو منہدم کردیا گیا تھا۔
صواریخ مارکیٹ جدہ سے اہم روایتی مارکیٹوں میں سب سے بڑی مارکیٹ ہے جو 1.5 ملین مربع میٹر رقبے پر محیط ہے اسے قائم ہوئے 70 برس سے زیادہ کا عرصہ گزرچکا ہے۔
خیال رہے کافی عرصہ صواریخ مارکیٹ بند رہنے کے بعد گزشتہ چار ماہ سے مرحلہ وار کھل رہی ہے جن علاقوں میں تعمیراتی کام مکمل ہوجاتا ہے وہاں دکانوں کو کھولا جارہا ہے۔

شیئر: