Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض اور جدہ کے رہائشیوں نے ایک ہفتے کے دوران 5.8 ارب ریال خرچ کیے

اخراجات کے حوالے سے مکہ مکرمہ چوتھے نمبر پر رہا ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا کہ 15 سے 21 دسمبر 2024 کے دوران پوائنٹ آف سیل میں 8 فیصد کمی واقع ہوئی۔ 196.4 ملین ٹرانزیکشنز کے ذریعے 11.8 ارب ریال خرچ کیے گئے۔
ساما کے اعدادوشمار کے مطابق تفریح اور ثقافت پر اخراجات میں 14 فیصد کمی واقع ہوئی اور یہ 224.1 ملین ریال رہے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ریستوران اور کیفے میں 1.6 ارب ریال خرچ کیے گئے جبکہ عوامی سہولتوں پر اخراجات 48.6 ملین ریال تک پہنچ گئے۔ اس کے علاوہ ٹیلی کمیونیکیشن پر 102.2 ملین ریال خرچ ہوئے۔
کپڑوں اور جوتوں کی خریداری پر 864.1 ملین ریال، تعمیراتی سامان کی خریداری پر 355 ملین ریال، الیکٹرانک اشیا پر 170.9 ملین ریال، گیس سٹیشن پر 819.6 ملین ریال، صحت پر 733 ملین ریال، فرنیچر پر 297.8 ارب ریال، تعلیم پر 136.5 ملین ریال خرچ ہوئے۔
ہوٹلنگ پر 325.4 ملین ریال، زیورات کی خریداری پر 249.7 ملین ریال، دیگر اشیا اور خدمات کی مد میں 1.4 ارب ریال، کھانے اور مشروبات پر 1.6 ارب ریال، ٹرانسپورٹ پر 705.5 ملین ریال کے اخراجات ہوئے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ریاض کے رہائشی اخراجات کے حوالے سے سرفہرست رہے۔ انہوں نے 4.2 ارب ریال خرچ کیے۔ دوسرے نمبر پر جدہ کے افراد نے 1.6 ارب ریال کی خریداری کی۔
فہرست میں دمام کے رہائشی تیسرے نمبر پر رہے جنہوں نے 617.5 ملین ریال کے اخراجات کیے۔ چوتھے نمبر پر مکہ مکرمہ کے لوگ رہے جنہوں نے 502.8 ملین ریال اور پانچویں نمبر پر  مدینہ منورہ کے  رہائشی رہے جنہوں نے 482.3 ملین ریال ایک ہفتے کے دوران خرچ کیے۔
دیگر شہروں میں تبوک کے شہریوں نے 210.4 ملین ریال، حائل میں 169.6 ملین ریال، بریدہ میں 278.4 ملین ریال، ابھا کے شہریوں نے 128.8 ملین ریال  اور مملکت کے دیگر شہروں کے افراد نے 3.1 ارب ریال کےاخراجات ایک ہفتے کے دوران کیے۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: