جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد، ایک سال میں تعمیر ہوگی
جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد، ایک سال میں تعمیر ہوگی
پیر 23 دسمبر 2024 17:57
خالد خورشید -اردو نیوز، جدہ
سعودی عرب میں پیر کو پاکستان قونصلیٹ جدہ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ نئی عمارت رحاب ڈسٹرکٹ میں تعمیر کی جا رہی ہے جس کا ڈیزائن پاکستانی، اسلامی اور سعودی فن تعمیر کا امتزاج ہے۔
یہ منصوبہ سنگ بنیاد رکھے جانے کی تاریخ سے ایک سال کی مدت کے اندر مکمل ہونے کا امکان ہے۔
تقریب کی میزبانی قونصل جنرل خالد مجید نے کی، سفیر پاکستان احمد فاروق مہمان خصوصی تھے۔ بڑی تعداد میں کمیونٹی کی شخصیات اور میڈیا سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
جدہ قونصلیٹ مملکت میں مقیم کمیونٹی کے لیے اہم رہا ہے۔ 1985 میں پاکستانی سفارتخانہ جب جدہ سے ریاض منتقل ہوا تو قونصلیٹ نے کام شروع کیا۔
قونصلیٹ کی نئی عمارت کا کل رقبہ 18 ہزار 400 سکوائر میٹر ہے جبکہ عمارت 5 ہزار 200 سکوائر میٹر پر تعمیر کی جارہی ہے۔ اس کی چار منزلیں ہوں گی۔ یہ ایریا 8 ہزار 770 سکوائر میٹر ہے۔
پہلی دو منزلیں قونصل خدمات کےلیے مختص ہوں گی، دو بڑے ہال اور پبلک ویٹنگ ایریا ہوں گے۔ تیسری منزل آفس ایریا کے لیے جبکہ چوتھی منزل حج مشن کےلیے ہوگی۔ یہاں آرکائیوز بھی محفوظ کیے جائیں گے۔
سفیر پاکستان نے تقریب سے خطاب میں کہا’ اس بات کی خوشی ہے کہ جو منصوبہ دو دہائیوں پہلے سوچا گیا تھا،آج یہ عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔‘
’سعودی عرب میں جیسے جیسے میگا پروجیکٹس شروع ہوں گے، کمیونٹی کی تعداد میں بھی اضافے کی امید ہے۔ نئی عمارت میں بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور یہ بلڈنگ پاکستانیوں کے لیے باعث فخر ہوگی۔‘
ان کا کہنا تھا ’عمارت کا ڈیزائن پاکستان کی روایت اور سعودی فن تعمیر کی عکاسی کرتا ہے جدہ میں جو نئی تعمیرا ت ہو رہی ہیں، ان میں یہ ایک خوبصورت اضافہ ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا ’جدہ قونصلیٹ، وزارت خارجہ کا بیرون ملک سب سے بڑا مشن ہے اور یہ مملکت کے ویسٹرن ریجن میں تقریبا 1.8 ملین پاکستانیوں کی خدمت کرتا ہے۔ نئی عمارت کمیونٹی خدمات اور سفارتی ذمہ داریوں کو موثر انداز میں انجام دینے کے لیے ضروری ہے۔‘
سعودی حکام کی مسلسل سپورٹ اور تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا ( فوٹو: اردونیوز)
قونصل جنرل خالد مجید نے کہا ’یہ ایک سال کا پروجیکٹ ہے۔ کوشش ہوگی اسے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔ یہ گرین بلڈنگ اور انوائرمنٹ فرینڈلی ہوگی۔ ہوا اور روشنی کا اہتمام کیا جائے گا۔ سمارٹ کنٹرول سسٹم اور سعودی قوانین کے مطابق تمام بنیادی سہولتیں موجود ہوں گی۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا’ وعدہ کیا تھا قونصلیٹ کی نئی عمارت دے کر جاوں، میری زندگی کا سب سے قیمتی کام ہے جو میں نے کیا ہے۔ یقین دلاتا ہوں اس پورے پراسیس کو نہایت شفاف رکھا گیا ہے۔‘
سفیر پاکستان اور قونصل جنرل نے منصوبے کےلیے سعودی حکام کی مسلسل سپورٹ اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔