Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں شارک کے حملے میں اطالوی سیاح ہلاک: اطالوی وزارت خارجہ

حکام نے اس واقعے کے بعد علاقے کو تیراکوں کے لیے دو دن کے لیے بند کر دیا ہے (فوٹو اے ایف پی)
مصر کے بحیرہ احمر کے ساحل پر شارک کے حملے میں ایک سیاح ہلاک اور دوسرا زخمی ہو گیا ہے، جبکہ اٹلی کی وزارت خارجہ کے ذرائع نے دونوں کی شناخت اطالوی شہری کے طور پر کی ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مصر کی وزارت ماحولیات نے ایک بیان میں کہا کہ ’شمالی مارسہ عالم کے علاقے میں دو غیرملکیوں پر شارک نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی اور دوسرے کی موت ہو گئی۔‘
اطالوی وزارت خارجہ کے ایک سورس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا 48 سالہ شخص روم کا رہائشی تھا جبکہ زخمی شخص کی عمر 69 سال تھی۔
مصری وزارت نے کہا کہ ان دونوں کو پورٹ غالب کے ہسپتال لے جایا گیا جو مرسہ عالم سے تقریباً 50 کلومیٹر (30 میل) شمال میں ہے۔
حکام نے اس واقعے کے بعد علاقے کو تیراکوں کے لیے دو دن کے لیے بند کر دیا ہے۔
بحیرہ احمر ایک اہم سیاحتی مقام ہے جس کی سمندری زندگی اسے غوطہ خوروں میں مقبول بناتی ہے۔
یہ بدترین معاشی بحران سے نکلنے کی کوشش کرنے والے ملک مصر کے لیے آمدن اور غیرملکی کرنسی کا ذریعہ بھی ہے۔
گذشتہ ماہ کم از کم چار افراد اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب مرسہ عالم کے قریب مختلف قومیتوں کے 30 سے ​​زائد سیاحوں کو لے جانے والی ایک غوطہ خور کشتی الٹ گئی تھی۔
جان لیوا شارک حملے مصر کے بحیرہ احمر میں تقریباً سالانہ ہونے والے واقعات ہیں۔ سمندری ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ غیرمنظم تعمیرات، حد سے زیادہ ماہی گیری اور غیر ذمہ دارانہ سیاحت کے طریقے ماحولیاتی نظام اور شارک کے رویے کو تبدیل کرنے میں معاون ہیں۔
جون 2023 میں شارک کے حملے نے بحیرہ احمر کے شہر ہرغدا کے قریب ایک روسی شہری کو ہلاک کر دیا تھا۔

شیئر: