Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں دو وکٹوں سے ہرا دیا

دوسری اننگز میں محمد عباس نے چھ وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کےخلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔ 
اتوار کو میچ کے چوتھے دن کھانے کے وقفے تک جنوبی افریقہ کی آٹھ وکٹیں گر چکی تھیں جبکہ اسے فتح کے لیے مزید  32 رنز درکار تھے۔
کھانے کے وقفے کے بعد یانسن اور ربادا نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔  
تیسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 27 رنز بنائے تھے اور اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
چوتھے روز جنوبی افریقہ نے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اس کی چوتھی وکٹ 62 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد عباس نے مارکرم کو بولڈ کیا۔ 
اس کے بعد کے بعد بووما 40 کے انفرادی سکور پر محمد عباس کا چوتھا شکار بنے۔ 
اس موقع پر پاکستانی بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید تین وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیوڈ بیڈنگھم 14، کائل وییرنے دو اور کوربن بوش بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 
محمد عباس نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل کھیل کے تیسرے دن پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور یوں جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کی 90 رنز کی برتری اتار کر 148 رنز کا ہدف دیا تھا۔
گرین شرٹس کی جانب سے سعودی شکیل 84 اور بابر اعظم 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانسین نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں اپنے نام کیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم 89، کوربن بوش 81 اور ٹیمبا بوُوما 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی طرف سے پہلی اننگز میں خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے تین تین جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں کامران غلام 54، عامر جمال 28 اور محمد رضوان 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈین پیٹرسن نے پانچ، کوربن بوش نے چار جبکہ مارکو یانسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

شیئر: