Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرم امن معاہدہ، بنکرز کی مسماری اور اسلحے کی حوالگی پر اتفاق

یہ لائیو پیج مزید اپڈیٹ نہیں کیا جا رہا ہے

اہم نکات

کرم امن معاہدہ طے ہونے کے بعد زمینی راستہ کھلنے کی راہ ہموار
وزیراعظم شہباز شریف کا معاشی ترقی کے حوالے سے کابینہ سے خطاب
پاکستان اور انڈیا کے درمیان قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ
ایئر وائس مارشل عامر حیات پی آئی اے کے قائم مقام چیف ایگزیکیٹو مقرر
حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس جمعرات کو ساڑھے تین بجے

 کرم امن معاہدہ طے، بنکرز کی مسماری اور بھاری اسلحے کی حوالگی پر اتفاق
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں کرم کے معاملے پر جاری جرگہ ختم ہو گیا ہے اور دونوں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے جاری بیان میں کہا کہ دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط کے بعد کرم کا زمینی راستہ کھلنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
وزیر اعلٰی نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
ایک اور بیان میں خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا کہ مسافر گاڑیوں پر مشتمل قافلہ سنیچر کو روانہ ہو گا۔
 بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ معاہدے میں بنکرز کی مسماری اور بھاری اسلحے کی حوالگی پر دونوں فریقین متفق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن معاہدے سے کرم میں امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا اور معمولات زندگی جلد مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق ایک فریق نے چند دن پہلے معاہدے پر دستخط کیے تھے جبکہ دوسرے فریق نے آج بدھ کو دستخط کیے ہیں۔

 آئی ایم ایف سے طے شدہ اہداف کو اگلے چھ ماہ میں حاصل کرنا ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جولائی سے اب تک 15 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں ہوئیں جبکہ مالی سال مکمل ہونے تک یہ 35 ارب ڈالر کو پہنچ جائیں گی جو تاریخ کا ایک بڑا ریکارڈ ہوگا۔ 
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے اختتام پر خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اہداف میں گیپس موجود ہیں اور ان اہداف کو آئندہ چھ ماہ میں حاصل کرنا ہوگا۔
سمگلنگ کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کو ہونے والی چینی اور تیل کی سمگلنگ صفر ہو گئی ہے جس کا کریڈٹ آرمی چیف کو جاتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے برآمدات پر دارومدار ہونا ضروری ہے، اس کے علاوہ اور کوئی حل موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 72 ارب روپے کی محصولات خزانے میں آئی ہیں لیکن ابھی بھی اہداف کے حصول میں فرق موجود ہے، اس کے باوجود 97 فیصد کا ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے جو آئی ایم ایف کے ساتھ بھی ہمارا وعدہ تھا۔

فہرست کا تبادلہ، انڈیا کی جیلوں میں 462 پاکستانی، جبکہ پاکستانی جیلوں میں 266 انڈین قیدی 

پاکستان اور انڈیا نے قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا ہے جس کے تحت پاکستان کی تحویل میں 266 انڈین جبکہ انڈین جیلوں میں 462 پاکستانی قید ہیں۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کونسلر رسائی 2008 کے معاہدے کے تحت ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو دونوں ممالک قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔

پاکستان کی جیلوں میں انڈین قیدیوں کی کُل تعداد 266 ہے جن میں سے 49 شہری اور 217 ماہی گیر ہیں۔

جبکہ انڈین جیلوں میں قید 462 پاکستانی قیدیوں میں سے 381 شہری جبکہ 81 ماہی گیر ہیں۔


ایئر وائس مارشل عامر حیات پی آئی اے کے قائم مقام چیف ایگزیکیٹو مقرر

پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سفارش پر وزیراعظم نے عامر حیات کو قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کر دیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایئر وائس مارشل عامر حیات مستقل سی ای او کی تعیناتی تک فرائض سر انجام دیں گے۔

اس سے قبل بھی ایئر وائس مارشل عامر حیات پی آئی اے کے سی ای او تعینات رہیں۔


حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس جمعرات کو ساڑھے تین بجے

حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس کل پیر کو ساڑھے گیارہ بجے کے بجائے سہہ پہر ساڑھے تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اراکین کی درخواست پر اجلاس کا وقت تبدیل کیا گیا ہے۔

مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی صدارت میں ہوگا۔


انسانی سمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے جاری بیان میں کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔

بیان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے کہا ہے کہ کشتی حادثات میں ملوث 4 انسپکٹرز، 10 سب انسپکٹرز، 2 اے ایس آئی، 5 ہیڈ کانسٹیبل اور 14 کانسٹیبلز کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ کشتی حادثات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انضباطی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے والے افسران کو واقعی سزا دی جائے گی۔


پشاور: بلدیاتی نمائندوں کا فنڈز اور اختیارات کی کمی کے خلاف احتجاج، پولیس کی شیلنگ

پشاور میں بلدیاتی نمائندوں کا فنڈز اور اختیارات کی کمی کے خلاف تقریباً ایک ہفتے سے احتجاج جاری ہے۔

بلدیاتی نمائندوں نے آج خیبر پختوںخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج کیا اور ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

پولیس نے ریڈ زون کے گیٹ کو بند کر دیا اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج کیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کی دی گئی تھی۔


کثیرالجہتی سفارتکاری سے بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، وزیر خارجہ

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دہشت گردی امن و سلامتی کے لیے مسلسل ایک خطرہ ہے جبکہ عدم برداشت میں اضافہ، اسلامو فوبیا، دائیں بازوں کے نظریات اور پاپولزم اقوام متحدہ کے چارٹر کے لیے چیلنج بن کر ابھر رہے ہیں۔

بدھ کو دفتر خارجہ میں سفیروں سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کی ممانعت سے متعلق اقوام متحدہ کے معاہدے کمزور پڑ رہے ہیں جس سے جوہری ہتھیاروں کے حصول کی دوڑ میں مزید تیزی آ گئی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے اقدامات میں کثیرالجہتی سفارتکاری کے ذریعے بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے پرعزم ہے اور یکطرفہ طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے جبکہ دہشت گردی کا پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کریں گے اور علاقائی بحرانوں کے پرامن حل میں اپنا حصہ ڈالے گا۔


قلعہ سیف اللہ میں آئل اینڈ گیس کمپنی کے کیمپ کے قریب دھماکہ

بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے کیمپ کے قریب دھماکہ ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کیمپ جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دھماکے میں ڈرائیور زخمی ہوا ہے جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ جائے وقوع پر ناکہ لگا کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


موٹروے مختلف مقامات پر دھند کی وجہ سے بند

موٹر وے ایم 2 اسلام آباد سے بلکسر تک، ایم 3  لاہور سے درخانہ، ایم 4 فیصل آباد سے ملتان جبکہ ایم 5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔

 ترجمان موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ دھند کے موسم میں صبح 10 سے شام 6 بجے تک بہترین سفری اوقات ہیں۔

پولیس کے مطابق دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے لہٰذا اپنی لین میں رہتے ہوئے گاڑی چلائیں۔

پولیس نے معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کا کہا ہے۔


مری، گلیات اور گرد و نواح میں آج سے بارش و برفباری کی پیشگوئی

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ مری، گلیات اور قریبی علاقوں میں آج بدھ سے بارش و برفباری کی پیش گوئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری اور گرد و نواح کے علاقوں میں 6 جنوری تک برفباری کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، کسی بھی ناگہانی آفت سے بچنے کے لیے انتظامیہ 24 گھنٹے الرٹ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ مری جانے سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں اور ایمرجنسی کی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

شیئر: