Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بے بی جان‘، 2024 میں بالی وڈ کی آخری فلاپ فلم جو اپنا بجٹ بھی پورا نہ کر سکی

’بے بی جان‘ مشہور ہدایت کار ایٹلی کی فلم ’تھیری‘ کا ری میک ہے۔ (فوٹو: انڈیا ٹی وی)
بالی وڈ اداکار ورون دھون اپنی فلم ’بے بی جان‘ کے حوالے سے کافی پرجوش تھے اور چاہتے تھے کہ یہ ایک بڑی ایکشن فلم کے طور پر جانی جائے۔ کیونکہ گذشتہ کچھ برسوں سے ہر بڑا اداکار ایک بڑی ایکشن فلم کرنا چاہتا ہے۔ اور شاہ رخ خان سے لے کر منوج باجپائی تک ہم سب کو ایکشن ہیرو کے اوتار میں دیکھ چکے ہیں۔ لیکن ’بے بی جان‘ فلم بینوں کو سینما گھروں تک لانے میں ناکام رہی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ فلم ناقدین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی ہے اور فینز کے دلوں میں بھی نہیں اتر سکی۔ جس کا آخری نتیجہ اس کی باکس آفس پر ناکامی کی شکل میں سامنے آیا ہے۔
’بے بی جان‘ مشہور ہدایت کار ایٹلی کی فلم ’تھیری‘ کا ری میک ہے لیکن اس میں کچھ نیا کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو فلم شائقین کو پسند نہیں آئی۔ فلم کی مارکیٹنگ اور پروموشن پر بھی زیادہ توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے فلم بینوں کے ذہنوں میں کوئی تجسس پیدا نہیں ہو سکا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ فلم نے پہلے روز صرف 12 کروڑ کمائے جو کہ ایک بڑی فلم کے حوالے سے کافی برے اعداد و شمار ہیں۔
منفی ریویوز کی وجہ سے فلم کا تاثر اچھا نہ رہا اور ٹریڈرز کا اندازہ ہے کہ فلم 60 کروڑ انڈین روپے سے کم کا ہی بزنس کر سکے گی، جس کا مطلب ہے کہ 160 کروڑ انڈین روپے لگانے والے فلم کے پروڈیوسرز کو 100 کروڑ انڈین روپے کا نقصان ہو سکتا ہے۔

شیئر: