الھدی شاہراہ بند ہونے کے بعد ’السیل‘ پر ٹریفک کا دباو بڑھ گیا
الھدی شاہراہ کی اصلاح ومرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔(فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں طائف جانے والی الھدی شاہراہ اصلاح ومرمت کےلیے بند ہونے کے بعد متبادل راستے ’السیل‘ پر ٹریفک کا دباو بڑھ گیا ہے۔
جدہ و دیگرعلاقوں سے طائف کے لیے ایک ہی راستہ ہے جس کی وجہ سے اس شاہراہ پرٹریفک کا ازدحام دیکھا جارہا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق الھدی شاہراہ کو دوماہ کےلیے بند کیا گیا، اس کی اصلاح ومرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔
الھدی شاہراہ پہاڑی راستہ ہے جہاں موسم برسات میں ہونے والی لینڈسلائڈنگ کی وجہ سے شاہراہ متاثر ہوجاتی ہے۔
مملکت میں اسکولوں کی تعطیلات کی وجہ سے لوگ تفریح کےلیے بڑی تعداد میں طائف اور الھدی کا رخ کرتے ہیں۔
اب جبکہ الھدی شاہراہ کو عارضی طورپر بند کیا گیا ہے وہاں جانے کےلیے السیل راستہ ہی ہے ۔
واضح رہے السیل شاہراہ کو عام طورپر ہیوی ٹریفک کےلیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اس شاہراہ پر چھوٹی گاڑیاں بہت کم ہوتی تھیں۔
طائف جانے والوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے وہ تعطیلات کے سیزن میں ہیوی ٹریفک کےلیے شاہراہ پر سفرکرنے کے اوقات متعین کریں تاکہ ازدحام سے بچا جاسکے۔