طائف کے گلابوں کا یونیسکو کے’ ثقافتی ورثے‘ میں اندراج
سعودی وزیر ثقافت نے اسے مملکت کی مثالی کامیابی قرار دیا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر ثقافت اور ثقافت اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ بدر بن عبداللہ نے طائف کے گلابوں کو مقامی ثقافت سے جوڑنے پر یونیسکو کی جانب سے’ ثقافتی ورثے‘ میں درج کیے جانے پر اسے مملکت کی مثالی کامیابی قرار دیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سعوددی وزیر ثقافت نے مملکت کی اعلٰی قیادت کی جانب سے سعودی ثقافت کے فروغ کے لیے مثالی تعاون کو اس کامیابی کی بنیاد قرار دیا۔
طائف کے گلابوں کی پیداوار کے سلسلے میں مملکت کے مختلف اداروں کی مشترکہ کاوش ہے جن میں وزارت ثقافت کے ساتھ قومی کمیٹی برائے سائنس بھی شامل ہے۔
طائف کے گلاب یہاں کی ثقافت کا مظہر ہیں جو اس علاقے کی شناخت بھی ہیں۔ اس کی کاشت میں یہاں کے عوام بھی بھرپور حصہ لیتے ہیں۔ اسی لیے یہاں کے گلابوں کو مقامی ثقافت سے جوڑا گیا ہے۔
’طائف کے گلاب‘ کو یونیسکو میں ثقافتی علامت کے طورپر درج کیا جانا سعودی عرب کی منفرد ثقافت کو اجاگر کرنے کی علامت ہے جس سے معاشرتی اقدار کی اہمیت بھی واضح ہوتی ہے۔