Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصری نوجوان نے بہن کو حادثے سے بچاتے ہوئے جان قربان کر دی

نوجوان اپنی بہن کے ہمراہ سڑک عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا (فائل: فوٹو العربیہ)
مصر میں ایک نوجوان زیاد نے بہن کو حادثے سے بچاتے ہوئے اپنی جان دے دی۔
نوجوان نے اپنی جانب آنے والی تیز رفتار گاڑی کو دیکھ کر بہن کو دوسری سمت دھکا دیا مگر خود گاڑی کی زد میں آنے سے نہ بچ سکا۔
العربیہ نے مصری ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا المناک حادثہ الزھرا انڈر پاس کے ابتدائی سرے پر اس وقت پیش آیا جب دسویں جماعت کا طالب علم زیاد محمد عبدالرزاق اپنی بہن کے ہمراہ سڑک عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا۔
جوں ہی بہن بھائی سڑک عبور کرنے کےلیے آگے بڑھے بھائی یہ دیکھ کر چونک گیا کہ ایک تیزرفتار کار ان کی سمت بڑھ رہی ہے جس کی زد میں اس کی بہن آسکتی تھی۔
زیاد محمد عبدالرزاق نے اسی لمحے فیصلہ کیا کہ بہن کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا یہی سوچ کر اس نے بہن کو پیچھے کی جانب دھکا دیا۔ ابھی وہ خود بھی عقب میں چھلانگ لگانے کی کوشش کر ہی رہا تھا کہ تیز رفتار گاڑی نے اسے کچل دیا اور وہ موقع پر دم توڑ گیا۔ 
 اپنی آنکھوں کے سامنے بھائی کو خون میں لت پت دیکھ کر بہن دھاڑیں مار کر رونے لگی۔
لوگوں نے حادثے کی اطلاع فوری طورپر پولیس کو دی۔ اسی اثنا میں امدادی ٹیمیں وہاں پہنچ گئیں جنہوں نے نوجوان کا معائنہ کر کے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس نے نعش تحویل میں لے کرمفرور ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے احکامات جاری کیے جسے کچھ دیر بعد گرفتار کر لیا گیا۔

شیئر: