سعودی عرب میں بدعنوانی کے خلاف مہم، ایک سال میں 1700 سے زیادہ افراد زیر حراست
رشوت اور عہدے کے غلط استعمال کے الزام میں حراست میں لیا گیا (فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب میں ادارہ انسداد بدعنوانی ’نزاھہ‘ بدعنوانی کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
گزشتہ برس مملکت کے مختلف ریجنز میں سرکاری اداروں سے منسلک 17 سو سے زائد عہدیداروں اور اہلکاروں کو رشوت اور عہدے کے غلط استعمال کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی قیادت کے خصوصی احکامات اور ہدایات پرعمل کرتے ہوئے معاشرے کو بدعنوانی سے پاک کرنے کی مہم کے تحت مختلف سرکاری اداروں کی باریک بینی سے نگرانی کی گئی تاکہ کرپشن میں ملوث عناصر کا خاتمہ کیا جاسکے۔
ادارے کی تفتیشی ٹیموں نے سال 2024 میں مختلف سرکاری اداروں کے 37 ہزار 124 دورے کیے اور 1708 افراد کو حراست میں لیا جن پر منی لانڈرنگ اور عہدے کا ناجائز استعمال کرنے کے الزامات تھے۔
تحقیقاتی ٹیموں نے جنوری 2024 میں 2181 تفتیشی دورے کیے جن میں 360 افراد سے تحقیق کرنے کے بعد 149 افراد کو ابتدائی تفتیش میں شامل کیا گیا جن میں سے کچھ کو ضمانت پررہا بھی کیا گیا۔
فروری میں 126 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ مارچ میں 1657 اداروں کے تفتیش دوروں میں 146 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اپریل میں بدعنوانی کے الزام میں 166 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ مئی میں گرفتار ہونے والوں کی تعداد 112 تھی۔
حج سیزن کے دوران خاص کرماہ جون میں نزاھہ نے 9 ہزار 600 دورے کیے اور مشاعر مقدسہ و حج سروسز کے حوالے سے پیش کی جانے والی خدمات کے اداروں کے 382 اہلکاروں سے تحقیقات کے بعد 155 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
جولائی میں 266 افراد سے تحقیقات کی گئی جن میں سے 149 کو گرفتار کیا گیا جبکہ اگست میں 139 افراد کو بدعنوانی کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔
نزاھہ کی ٹیموں نے ماہ ستمبر میں 289 مشتبہ اہلکاروں سے تحقیقات کیں اور 136 کو حراست میں لیا جبکہ اکتوبر میں 121 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
تفتیشی ٹیموں کی جانب سے ماہ نومبر میں کیے گئے 16 ہزار تفتیشی دوروں میں 164 جبکہ دسمبر 2024 میں 14 ہزار تفتیشی دوروں کے بعد 390 افراد سے تحقیقات کی گئیں جن میں سے 145 کو گرفتار کیا گیا۔
نزاھہ کا مزید کہنا تھا جن سرکاری اداروں کے اہلکاروں سے تفتیش کی گئی ان میں وزارت داخلہ، نیشنل گارڈ، دفاع، عدل، تعلیم ، صحت، بلدیات و ہاوسنگ ، افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی، تجارت، نقل و حمل اور محکمہ شماریات شامل تھے۔