روس نے بدعنوانی میں مطلوب ملزم سعودی عرب کے حوالے کردیا
ملزم کی گرفتاری کےلیے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا گیا (فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب کے ادارہ انسداد بدعنوانی ’نزاھہ‘ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ’روسی حکام نے بدعنوانی میں مطلوب مفرورسعودی شہری مملکت کے حوالے کردیا۔‘
اخبار 24 کے مطابق نزاھہ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا’ سعودی شہری عبداللہ بن عواض الحارثی مختلف مالی بدعنوانی کے جرائم میں مطلوب تھا۔ ملزم کے مملکت سے فرار ہونے کے بعد اس کی گرفتاری کےلیے انٹرپول سے بھی رابطہ کیا گیا۔‘
ذرائع کا مزید کہنا تھا ’سعودی پراسیکیوشن اور رشین فیڈریشن کے مابین طے پانے والے مفاہمتی یادداشت کے تحت پراسیکیوشن نے رشین اتھارٹی سے ملزم کی معلومات شیئرکیں تاکہ اس کا سراغ لگا کرمملکت کے حوالے کیا جاسکے۔‘
رشین پراسیکیوشن کے ادارے نے ملزم کا سراغ لگا کراسے گرفتار کرنے کے بعد سعودی حکام کے حوالے کردیا۔
ادارہ انسداد بدعنوانی نے کہا’ بدعنوانی میں مبتلا کوئی بھی شخص خواہ کہیں بھی چھپ جائے اسے ایک نہ ایک دن قانون کی گرفت میں آنا ہی ہے۔‘