Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا میں اطالوی لگژری فیشن ڈیزائنر کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام

’ایک شام برونیلو کوچینیلی کے نام ’ کا مقصد فیشن میں مہارتوں اور بہترین طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے ثقافتی ترقیاتی فنڈ نے فیشن کمیشن کے تعاون سے قدیم تاریخی مقام العلا میں ایک تقریب میں اطالوی لگژری فیشن ڈیزائنر برونیلو کوچینیلی کو خوش آمدید کہا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق یہ تقریب فیشن کی دنیا میں تخلیقی اور کاروباری شخصیات کو ثقافتی شعبے میں تعاون فراہم کرنے اور فیشن کے تبادلے کو فروغ دینے  کے ثقافتی ترقیاتی فنڈ کے مشن کی حمایت کے لیے منعقد کی گئی۔
ایک شام برونیلو کوچینیلی کے نام تقریب کا مقصد عالمی ثقافتی ماہرین کو سعودی کاروباری افراد اور تخلیق کاروں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا تھا تاکہ اس شعبے میں ترقی کے لیے بات چیت کے علاوہ جدت کے فروغ کے لیے مہارتوں اور بہترین طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
تقریب کا مرکزی موضوع فیشن کی دنیا میں مختلف تکنیکوں کو ثقافتی منصوبوں میں ضم کرنا، ثقافتی شناخت کو ابھارنا اور تخلیقی صلاحیتوں و جدت کا امتزاج شامل کرنا تھا، گفتگو کے دوران اطالوی فیشن ڈیزائنر برونیلو کوچینیلی نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں بتایا۔
حاضرین نے عالمی فیشن برانڈ کی تشکیل، ثقافتی ورثے اور جدت کے امتزاج، لگژری فیشن میں پائیداری، ثقافتی تبادلے اور فیشن کے مستقبل جیسے اہم موضوعات پر بات کی۔

اطالوی فیشن ڈیزائنر نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں بتایا۔ فوٹو واس

اطالوی فیشن ڈیزائنر نے جدید فیشن میں پائیداری، اصل حیثیت کے ساتھ روایتی ثقافت کو برقرار رکھنے کے لیے دستکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ تقریب فنڈ کی ان کوششوں کے مطابق ہے جن کا مقصد فیشن کے شعبے میں تخلیقی افراد کی انتظامی، مالی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانا، اخراجات میں کمی لانا اور خاص طور پر ثقافتی شعبے میں تخلیقی صلاحیت برقرار رکھنا ہے۔

تقریب میں روایتی ثقافت برقرار رکھنے کے لیے دستکاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ فوٹو واس

سعودی ثقافتی ترقیاتی فنڈ نے سعودی وژن 2030 کے مطابق ترقی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی حمایت کرتے ہوئے نومبر میں فیشن منصوبوں کی مالی معاونت کے لیے 3 کروڑ ریال سے زائد قرضوں کے معاہدے کیے۔
 

شیئر: