Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ریلوے میں سامان کی گمشدگی اور ٹرین کی تاخیر، مسافروں کو کتنا ہرجانہ ملے گا؟

ٹکٹ کی قیمت کا 50 فیصد ہرجانے کی صورت میں ادا کیا جائے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کی جانب سے منظورشدہ ریلوے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ مسافر کے سامان کی گمشدگی یا انتظامیہ کی جانب سے نقصان پہنچنے پر 4 ہزار ریال تک ہرجانہ ادا کیا جائے گا۔
عکاظ  کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ریلوے استعمال کرنے والوں کے حقوق کے تحفظ کا مسودہ جاری کیا ہے جس میں ریلوے سفر کے دوران کوئی مسافر ہلاک ہو جائے اور تحقیقات میں یہ ثابت ہو کہ موت کی ذمہ دار ٹرین انتظامیہ ہے۔
اس صورت میں نعش کی منتقلی کی مد میں آنے والے اخراجات اور ورثا کو ہرجانے کی ادائیگی مملکت کے شرعی قوانین کے مطابق کی جائے گی۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ضوابط میں مزید کہا گیا کہ ٹرین کا سفر منسوخ ہونے کی صورت میں مسافر کو وقت سے کم از کم 48 گھنٹے قبل مطلع کرنا لازمی ہوگا۔
ایسا کرنے کی صورت میں مسافر کو غیراستعمال شدہ ٹکٹ واپس کرنا ہوگا۔ انتظامیہ کی جانب سے مقرر وقت سے 48 گھنٹے سے کم اور 24 گھنٹے تک اطلاع دینے کی صورت میں مسافر کا حق ہو گا کہ اسے غیراسعمال شدہ ٹکٹ مکمل طورپر ریفنڈ ہو۔
علاوہ ازیں ٹکٹ کی قیمت کا 50 فیصد ہرجانے کی صورت میں ادا کیا جائے۔
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے شیڈول ٹائم سے24 گھنٹے سے کم وقت پر سفر کی منسوخی مسافر کو دینے کی صورت میں ہرجانے کے طورپر ٹکٹ کی قیمت کے 100 فیصد مساوی ہرجانہ مسافر کاحق ہوگا۔
ریل کی روانگی میں دو سے تین گھنٹے کی تاخیر کی صورت میں انتظامیہ ٹکٹ کی قیمت کے مساوی 50 فیصد ہرجانہ ادا کرنےکی پابند ہوگی۔

اتھارٹی نے ریلوے مسافروں کے حقوق کے تحفظ کا مسودہ جاری کیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)

تاخیر 3 سے چار گھنٹے ہونے پر 75 فیصد اور چار گھنٹے سے زیادہ مسافر کو انتظار کرانے کی صورت میں ٹکٹ کی قیمت کے سو فیصد مساوی ہرجانہ ادا کیا جائے گا۔
مسافر کو اس بات کا علم ہو کہ ٹرین لیٹ ہے اس کے باوجود وہ ٹکٹ خرید کرانتظار کرتا ہے اس صورت میں وہ ہرجانے کا مستحق نہیں ہوگا۔ اگر ٹرین کی آمد یا روانگی میں 60 منٹ سے زیادہ تاخیر ہو اس صورت میں مسافر کو اسنیکس وغیرہ مفت فراہم کیے جائیں گے۔
ریلوے انتظامیہ کسی مسافر کو جو تمام شرائط پورا کرتا ہو سفر کرنے سے بلا کسی معقول جواز کے منع نہیں کرسکتی ایسا کرنے کی صورت میں مسافر کا حق ہو گا کہ اسے ٹکٹ کی پوری قیمت کے ساتھ سو فیصد ہرجانہ ادا کیا جائے۔
اگر مسافر کو کسی قانون نافذ کرنے یا سرکاری ادارے کی جانب سے سفر سے منع کیا جائے اس صورت میں اسے کسی قسم کا ہرجانہ ادا نہیں کیا جائے گا۔

 ریلوے انتظامیہ مسافروں کی سامان کی حفاظت کی ذمہ دار ہو گی (فوٹو: اے ایف پی)

سامان کی گمشدگی یا تلف ہونے کے حوالے سے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ ریلوے انتظامیہ مسافروں کی سامان کی حفاظت کی ذمہ دار ہو گی۔
مسافروں کا سامان انتظامیہ یا ریلوے کے کسی کارکن کی وجہ سے تلف ہوتا ہے اس صورت میں ہر ایک بیگ یا سامان جو ریلوے سفر سے قبل بکنگ کے وقت باقاعدہ بک کیا گیا ہو فی سامان کے 4 ہزارریال ہرجانہ ادا کیا جائے گا۔
بک کیے گئے سامان کو جزوی نقصان پہنچنے کی صورت میں ( بکس کے ٹائرخراب ہونے، ہینڈل ٹوٹ جانے ، زپ خراب ہونے ، بکس کو نقصان پہنچنے ) فی سامان 1000 ریال جبکہ بکس یا اسٹرکرچر تباہ ہونے کی صورت میں 2500 ریال ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافر کو ہرجانے کے طورپر ادا کیے جائیں گے۔

شیئر: