مشرقی ریجن میں موسلادھار بارش کا امکان
’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ جدہ، بحرہ، خلیص، رابغ اور ثول میں تیز ہوا چلے گی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مشرقی ریجن میں آج موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، عسیر اور تبوک میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مشرقی ریجن کے شہر الخبر، جبیل، دمام، راس تنورہ، حفر الباطن، الاحسا اور دیگر میں دوپہر 12 بجے تک گھنے بادل چھائے رہیں گے جبکہ تیز بارش کا قوی امکان ہے‘۔
مکہ مکرمہ ریجن کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ جدہ، بحرہ، خلیص، رابغ اور ثول میں تیز ہوا چلے گی جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
’اس سے ملتی کیفیت مدینہ منورہ ریجن کے شہروں ینبع، العلا، خیبر اور الحناکیہ میں بھی ہے جہاں شام 4 بجے تک تیز ہوا کی وجہ سے مطلع گرد آلود رہے گا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’عسیر ریجن کے متعدد شہروں میں ہلکی بارش ہوگی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’شمالی علاقوں میں سردی کی لہر جاری ہے جس کی تاثیر ریاض اور قصیم تک محسوس کی جائے گی‘۔