Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خواب پورا ہوگیا‘ 19 بچوں کی سعودی ماں نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرلی

بچوں کی تربیت اور اپنے شوق کو جاری رکھنا بہت بڑا چیلنچ تھا (فوٹو: سبق)
سعودی خاتون نے گھریلو مصروفیات اور 19 بچوں کی تربیت اور روزگار کی مصروفیات کے باوجود ڈاکٹریٹ کا خواب بھی پورا کرلیا۔
ڈاکٹر حمدہ الرویلی نے سعودی ٹی وی کے پروگرام ’الراصد‘ میں بتایا ’انہیں تعلیم حاصل کرنے کا شروع سے شوق تھا جس کا سلسلہ شادی کے بعد بھی جاری رکھا۔‘
میرا خواب تھا کہ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کروں مگر زندگی کے شب وروز کے ساتھ یہ امر قدرے دشوار محسوس ہوا تاہم عزم صمیم ہو تو دشواریاں خود ہی ختم ہوجاتی ہیں اور راہیں از خود آسان بن جاتی ہیں۔‘
حمدہ الرویلی نے مزید بتایا ’ان کے 19 بچے ہیں جن میں 9 بیٹیاں اور 10 بیٹے ہیں سب سے بڑے کی عمر 23 برس جبکہ سب سے چھوٹا 4 ماہ کا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا ’ اتنے بچوں کی تربیت اور اپنے شوق کو جاری رکھنا میرے لیے بہت بڑا چیلنچ تھا جسے بخوبی ادا کیا۔‘
’مجھے بیک وقت معلمہ اور نظم وضبط کو برقرار رکھنے والی انسپکٹرکا کردار بھی ادا کرنا پڑا تاکہ بچوں کی تربیت میں کسی قسم کی کمی نہ رہ جائے، بچوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے ان کی زندگی کی راہیں متعین کرنا سب میرے لیے بہت اہم تھا۔‘
سعودی خاتون نفسیاتی کلینک میں ملازمت بھی کرتی ہیں جبکہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ بھی دیکھتی ہیں، ان کا کہنا تھا’نے اپنے وقت کو تقسیم کررکھا تھا، فضول باتوں اور کاموں سے بہت دور رہی، اسی لیے اپنے وقت کو مفید سرگرمیوں میں لگایا تاکہ بچوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ اپنے خواب کی تعبیر بھی حاصل کرسکوں۔‘
انہوں نے مزید کہا’ میرے بچوں کو بھی علم حاصل کرنے کا شوق ہے۔ میری ایک بیٹی بہت ذہین ہے جسے میٹرک میں ہی ذہین طالب علم کا ایوارڈ مل چکا ہے جبکہ دیگر بچے بھی حصولِ علم کی راہیں بخوبی طے کررہے ہیں ۔ چیلنچز کو قبول کرنا راہوں کو آسان بنا دیتا ہے۔
سعودی خاتون نے حیرت انگیز سفرِ حیات اور کامیابیوں کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔

شیئر: