سعودی عرب میں تیار کردہ پرفیوم جس سے ریت کی خوشبو آئے
سعودی شہری نے خوشبویات میں جدت پیدا کرتے ہوئے اسے ایجاد کیا ہے ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی شہری عبدالعزیز عسیری نے خوشبویات کی صنعت میں جدت پیدا کرتے ہوئے ا یک ایسا پرفیوم تیار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جس سے ریت کی خوشبو آتی ہے۔
ریت کی خوشبو کے نام سے اس پرفیوم کو مملکت میں رجسٹر کرانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی عرب کے بڑے شہروں میں صنعت و تجارت کو فروغ دینے کے لیے تعارفی نمائش کے پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں جن میں ایسی ایجادات کا تعارف کرایا جاتا ہے جو شہریوں کی جانب سے کی جاتی ہیں۔
ایجادات کو فروغ دینے کےلیے حکومتی سطح پر ایسے افراد کی معاونت کی جاتی ہے جو صنعتی شعبے سے تعلق رکھتے ہیں۔
عبدالعزیز عسیری نے بتایا ’ انہیں یہ خیال دو برس قبل آیا تھا کہ ایسی خوشبو تیار کی جائے جو فطرت کے قریب اور مملکت کی شناخت کی حامل ہو۔‘
’اسی خیال کے تحت ہم دوستوں نے اس پر کام شروع کیا اور بالاخر ایسا پرفیوم تیار کرنے میں کامیاب ہو گئے جس سے بھینی بھینی ریت کی خوشبو آتی ہے۔‘
سعودی شہری کا مزید کہنا تھا ’تیار کردہ پرفیوم سے ان لوگوں کو جنہیں خوشبو سے الرجی کی شکایت ہوتی ہے وہ بھی دور ہو جائے گی کیونکہ یہ سانس کی نالیوں اور سائنیس پر بھاری نہیں ہوتا جس سے الرجی کی شکایت نہیں ہوتی۔‘
’ریت کی خوشبو والے پرفیوم کی یہ خصوصیت بھی ہے کہ اس کی مہک 8 سے 12 گھنٹوں تک رہتی ہے اور طبعیت پر بھی گراں نہیں گزرتی۔‘