Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غسلِ کعبہ کی رسم ادا، آبِ زمزم اور عرق گلاب کے بعد عود سے معطر

مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی تقریب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
بدھ کو خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز نے غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کی۔
اللہ تعالٰی کے گھر کو آبِ زمزم اور خالص عرق گلاب سے دھونے کے بعد عود اور دیگر خوشبوؤں سے معطر کیا گیا۔
اس موقع پر حرمین شریفین انتظامی امور کے حکام سمیت آئمہ کرام اور غیر ملکی سفراء کرام نے بھی شرکت کی۔
پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے بھی غسل کعبہ کی رسم میں حصہ لیا۔ 
خیال رہے کہ غسل کعبہ کی رسم سعودی قائدین مملکت کے قیام کے وقت سے ادا کر رہے ہیں۔
بانی مملکت شاہ عبدالعزیز اپنے عہد میں غسل کعبہ کی رسم ادا کرتے تھے۔ ان کے بعد ان کے حکمراں بیٹے شاہ سلمان بن عبدالعزیز تک اس کی پابندی ہو رہی ہے۔ 
غسل کعبہ کے لیے استعمال ہونے والی خوشبو اور اشیا
مسجد الحرام انتظامیہ کے ماتحت خوشبویات کا ادارہ خانہ کعبہ کو معطر کرنے کے لیے اعلٰی درجے کا عود، عرق گلاب اور بخور کا انتظام کرتا ہے۔ 
حرمین شریفین انتظامیہ نے غسل کعبہ کی رسم کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ غسل کعبہ کی تیاری کے لیے 20 لیٹر آب زمزم چاندی کے دس، دس لیٹر کے دو برتنوں میں رکھا جاتا ہے۔ 
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’دس لیٹر آب زمزم کے گیلن میں 549 ملی لیٹر طائف کا عرق گلاب شامل کیا جاتا ہے۔‘
غسل کعبہ سے قبل خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو اعلٰی درجے کے عود سے دھونی دی جاتی ہے، اس میں تقریباً نصف کلوعود استعمال ہوتا ہے۔ 
غسل کعبہ کا دوسرا مرحلہ سامان کی تیاری سے متعلق ہے۔ غسل کعبہ میں اعلٰی درجے کی کاٹن کا کپڑا استعمال ہوتا ہے۔
اس پر حرمین شریفین پریذیڈنسی کا لوگو لگا ہوتا ہے۔ کاٹن کے کپڑے سے خانہ کعبہ کی دیواروں اور ستونوں کی صفائی بھی کی جاتی ہے اور انہیں صاف بھی کیا جاتا ہے۔ 

شیئر: