’خروج نہائی‘ کے لیے اقامے کی کم از کم مدت کتنی ہونا چاہئے ؟
جمعرات 9 جنوری 2025 19:28
اقامے کی مدت 30 دن سے کم ہونے کی صورت میں فائنل ایگزٹ نہیں لگے گا(فوٹو، ایکس )
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات کا کہنا ہے کہ غیرملکی کارکن یا انکے اہل خانہ کے فائنل ایگزٹ ویزے کےلیے اقامے کی کم از کم مدت 30 دن ہونا ضروری ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق محکمہ جوازات کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ فائنل ایگزٹ پر جانے والوں کے لیے لازمی ہے کہ انکے اقامے کی مدت 30 دن سے کم نہ ہو۔ مدت کم ہونے کی صورت میں خروج نہائی نہیں لگے گا جس پر اقامے کی مدت میں توسیع کرانا ضروری ہوگا۔
جوازات کا مزید کہنا تھا کہ اگر اقامے کی ایکسپائری 30 دن سے زیادہ اور 60 روز سے کم ہو اس صورت میں فائنل ایگزٹ ویزہ حاصل کیا جاسکتا ہے جس کے بعد باقی مدت کے ختم ہونے سے قبل مملکت سے ایگزٹ کرنا ضروری ہوگا۔
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا تھا کہ فائنل ایگزٹ ویزے کے لیے کسی قسم کی فیس نہیں یہ مفت جاری کیا جاتا ہے۔ خروج نہائی ویزہ’ابشر‘ یا ’مقیم ‘ پلیٹ فارم سے جاری کرایا جاسکتا ہے ۔
واضح رہے خروج نہائی ویزے یعنی فائنل ایگزٹ جاری کرانے کے بعد اگر اس پرسفر نہ کیاجائے اس صورت میں مقررہ مدت کے دوران ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے کینسل کرانا ضروری ہے۔