حراء ثقافتی محلے میں عہدِ رفتہ کے حج قافلوں کی نمائش
جمعرات 9 جنوری 2025 21:30
ماضی کی حقیقی عکاسی کرتے ہوئے قافلوں کو پرانے زمانے کا انداز دیا گیا(فوٹو، ایس پی اے)
مکہ مکرمہ ’جبل النور‘ کے دامن میں واقع ’حراء ثقافتی محلہ‘ کے تحت ماضی میں حج کے قافلوں کی عملی عکاسی کی جارہی ہے ۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مکہ مکرمہ کے النور پہاڑ کے دامن میں بنائے گئے میوزیم ’حراء ثقافتی محلے‘ میں زائرین کی دلچسپی کےلیے انتظامیہ نے دلکش انداز میں عہد رفتہ کی عکاسی کرتے ہوئے ماضی میں دور دراز سے آنے والے حج کے قافلوں کو ڈرامائی شکل میں پیش کیا۔
عہدِ رفتہ کے قافلوں کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ انہیں دیکھنے سے یہی احساس ہوتا ہے کہ وہ پرانے زمانے کے لوگ ہیں جو اونٹوں پر سفر کرکے ارض مقدس پہنچنے ہیں۔
حج قافلوں کی عملی عکاسی کےلیے انتظامیہ نے خاص طور پر اس زمانےمیں استعمال ہونے والے لباس تیار کرائے جبکہ تاریخی شو پیش کرنے والوں کا حلیہ بھی اسی طرز کا بنایا گیا۔
قافلے میں شامل اونٹوں کے کجاوے بھی پرانے طرز کے ہیں جنہیں دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ ماضی میں کن دشواریوں سے گزرتے ہوئے لوگ حج کےلیے آیا کرتے تھے۔
حراء ثقافتی محلے میں آنے والوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے یہ کوشش ماثلی ہے جسے دیکھ کر چند لمحات کےلیے انسان ماضی میں پہنچ جاتا ہے۔
حج قافلے کی میدان میں آمد کے وقت انکے بارے میں کمنٹری بھی کی جاتی ہے تاکہ لوگوں معلوم ہوسکے کہ جو لباس ان لوگوں نے پہنا ہوا ہے وہ کس زمانے میں رائج تھا علاوہ ازیں یہ قافلہ کس ملک سے تعلق رکھتا ہے۔