میلے میں آنے والوں کی تعداد 27 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے(فوٹو، ایس پی اے)
حائل ریجن میں جاری شہد میلے میں مملکت کے مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں زائرین شرکت کررہے ہیں۔ میلے میں جہاں انواع و اقسام کے شہد کا تعارف کرایا جارہا ہے وہاں مختلف تفریحی و تعلیمی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق حائل ریجن میں سالانہ بنیادوں پر لگایا جانے والے شہد میلے کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ میلے میں آنے والوں کی تعداد 27 ہزار سے تجاوز کرگئی جو شہد کی مصنوعات میں خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے میلے میں شہد کی مختلف اقسام کا تعارف اور انہیں کشید کرنے کے طریقوں سے زائرین کو آگاہ کرنے کے لیے خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ شہد کی اقسام کے بارے میں اسٹالز پر کتابچے اور ہینڈ بلز رکھے گئے ہیں جبکہ وہاں موجود اہلکار بھی لوگوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں جو ان سے شہد حاصل کرنے کے طریقے دریافت کرتے ہیں۔
میلے میں تفریحی سرگرمیوں کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ سعودی قہوہ کے عنوان سےایک خیمہ مخصوص ہے جہاں مملکت کے مختلف علاقوں میں رائج قہوہ کی تیاری کے مراحل کے بارے میں بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔
دیگر تفریحی سرگرمیوں میں گھڑ سواری اور بچوں کے لیے پلے لینڈ بھی موجود ہے علاوہ ازیں خواتین کی دلچسپی کےلیے فوڈ کارنر کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
وزارت زراعت و پانی کے ریجنل ڈائریکٹر جنرل صالح المشاری کا کہنا تھا کہ میلے کا مقصد شہد کی صنعت کو ترقی دینا اور اس شعبے سے منسلک افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔