شہد کی مکھیوں کی تربیت کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی جاتی ہے (فوٹو، ایس پی اے)
وزارت ماحولیات پانی و زراعت کے اشتراک سےتبوک شہر میں شروع ہونے والا سالانہ شہد میلہ پانچ دن جاری رہے گا۔ میلہ میں شہد کی صنعت سے تعلق رکھنے والے 30 کاشت کار شرکت کررہے ہیں ۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق تبوک شہد میلے میں علاقے کی معروف کھجوروں اور زیتون کے تیل کے اسٹال بھی لگائے گئے ہیں ۔
میلے میں آنے والے زائرین کو شہد کی کاشت و اس کے مختلف مراحل کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کرنے کےلیے اس صنعت سے منسلک ماہرین کی خدمات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
وزارت زراعت کے ریجنل ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ میلے کے انعقاد کا مقصد شہد اور اس کی مصنوعات کے وسیع پیمانے پر متعارف کرانا ہے جو مارکیٹنگ کے اعتبار سے بھی کافی مفید ثابت ہوتا ہے۔
ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ گورنرتبوک ریجن شہزادہ فہد بن سلطان کی جانب سے بھی ہمیشہ شہد کی صنعت سے تعلق رکھنے والوں کی بھرپورحوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ اس حوالے سے مزارعین کو درپیش مشکلات کے ازالے کےلیے کمیٹیاں بھی کام کرتی ہیں جس کے عہدیدار کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے فوری طورپر مزارعین سے رابطہ کرتی ہیں۔
تبوک شہد میلے میں زائرین کو شہد کی مکھیوں کے حوالے سے بھی اہم معلومات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ میلے میں بچوں کی دلچسپی کے لیے وزارت زراعت نے خصوصی اہتمام کیا ہے۔
میلے میں آنے والے بچوں میں شجرکاری کی اہمیت کو اجاگرکرنے کے لیے خصوصی کارنر قائم کیے گئے ہیں جہاں بچوں کو پودے اگانے کی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔