Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزارتِ مذہبی امور کی نجی کمپنیوں کو حج بکنگ کی اجازت، پیکج کتنے کا ہوگا؟

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کا کہنا تھا کہ نجی عازمینِ حج بکنگ کرواتے وقت وزارت کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ ’پاک حج‘ سے لازمی تصدیق کر لیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
وزارتِ مذہبی امور نے نجی کمپنیوں اور ذیلی کمپنیوں کو حج بکنگ کی اجازت دے دی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ نجی حج سکیم کی بکنگ 10 جنوری سے 31 جنوری تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج سکیم کے مختلف حج پیکج وزارت کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ نجی سکیم کے بنیادی حج پیکج 10 لاکھ 75 ہزار روپے سے 21 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان رکھے گئے ہیں۔
بیان کے مطابق ’حج منظم کمپنیاں سہولت کی فراہمی کے معاہدے کے مطابق پرائیویٹ عازمینِ حج کی بکنگ کریں۔ اضافی سہولیات کے باعث 30 لاکھ سے زائد کا حج پیکج ’حج پالیسی فامولیشن کمیٹی‘ سے منظور کروانا ہو گا۔ حج منظم کو 30 لاکھ سے زائد حج پیکج کی منظوری کے وقت مکمل تفصیل فراہم کرنا لازم ہو گا، جبکہ 30 لاکھ سے سے زائد کا حج پیکج بیچنے اور خریدنے والوں کے کوائف ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔‘
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کا کہنا تھا کہ نجی عازمینِ حج بکنگ کرواتے وقت وزارت کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ ’پاک حج‘ سے لازمی تصدیق کر لیں۔ اور پیسوں کا لین دین صرف کمپنی کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کریں اور سہولیات کا معاہدہ لازمی طلب کریں۔ نیز نجی عازمینِ حج بکنگ کرواتے وقت حج پیکج کی سہولیات کو اچھی طرح سمجھ لیں۔

شیئر: