Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان کے نئے صدر اپنے پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب جائیں گے

لبنان کے نومنتخب صدر جوزف عون نے جمعرات کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
لبنان کے ایوان صدر کے سنیچر کو ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان کے مطابق نومنتخب صدر جوزف عون سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
عرب نیوز کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک فون کال کے دوران جوزف عون کو ان کے انتخاب پر مبارک باد دی اور انہیں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا تہنیتی پیغام بھی دیا۔
سعودی ولی عہد نے مزید ترقی اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کے ساتھ جوزف عون اور لبنان کے عوام کے لیے کامیابی کی امیدوں کا اظہار بھی کیا۔
بیان کے مطابق لبنان کے نئے صدر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بتایا کہ ’ان کے غیرملکی دوروں میں سعودی عرب پہلی منزل ہو گی۔‘
تاہم بیان میں دورے کی کوئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔
لبنان کے نومنتخب صدر جوزف عون نے جمعرات کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا ہے اور وہ دو سال تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
26 مہینوں سے جاری تعطل کے بعد 61 سالہ جوزف عون کو ارکان پارلیمنٹ نے ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں منتخب کیا۔
پارلیمنٹ کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ ملک ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔
اکتوبر 2022 میں مائیکل عون کی مدت ختم ہونے کے بعد سے لبنان میں کوئی صدر نہیں تھا کیونکہ ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ اور اس کے مخالفین کے درمیان تناؤ نے صدارتی ووٹنگ کی کئی کوششوں کو ناکام بنا دیا تھا۔

 

شیئر: