Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کی اسلام آباد میں اسحاق ڈار سے ملاقات

اسحاق ڈار نے اسلامی ممالک کی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے او آئی سی کی کوششوں کو سراہا (فوٹو: دفتر خارجہ)
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ 
سنیچر کو ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے او آئی سی کے وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور اسلامی ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے او آئی سی کی لگن اور کوششوں کو سراہا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال، جموں و کشمیر، افغانستان، اسلاموفوبیا، دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک اور تشدد، اور ان مسائل کے حل کے لیے او آئی سی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کے لیے او آئی سی کے اصولی موقف اور مسلسل حمایت کو سراہا۔
انہوں نے دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیاز کے خاتمے کے لیے او آئی سی کے خصوصی ایلچی برائے اسلاموفوبیا کی تقرری پر خراج تحسین پیش کیا، جو تنظیم اور اس کے رکن ممالک کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔

شیئر: