مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم، بین الاقوامی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوگی
گلوبل سمٹ کا مقصد لڑکیوں کی تعلیم کی راہ میں حائل چیلنجز کا قابلِ عمل حل تلاش کرنا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت ’مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع‘ پر اسلام آباد میں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’یہ دو روزہ تاریخی ایونٹ 11 اور 12 جنوری کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔‘
اس گلوبل سمٹ کا مقصد مسلم ممالک کی لڑکیوں کی تعلیم کی راہ میں حائل چیلنجز اور مواقع کی نشان دہی اور ان کا قابلِ عمل حل تلاش کرنا ہے۔
یہ کانفرنس اعلٰی سطح کے ڈائیلاگ اور تعاون کے سلسلے میں ایک مثالی پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کانفرنس کے افتتاح کے موقعے پر ابتدائی سیشن میں لڑکیوں کو تعلیم کی فراہمی اور جنسی مساوات کے سلسلے میں قومی عزم پر اظہارِ خیال کریں گے۔
مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم کے موضوع پر ہونے والی اس کانفرنس میں 44 مسلم اور دوست ممالک سے بین الاقوامی شخصیات جن میں وزرا، سفارت کار، سکالرز اور ماہرین تعلیم شامل ہیں شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ یونیسکو، یونیسیف اور عالمی بینک کے نمائندے بھی اس دور روزہ کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
کانفرنس کا اختتام ’اسلام آباد اعلامیہ‘ پر دستخط کی رسمی تقریب سے ہوگا، جس میں تعلیم کے ذریعے لڑکیوں کو بااختیار بنانے، جامع تعلیمی اصلاحات کے لیے راہ ہموار کرنے اور آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کے لیے مسلم کمیونٹی کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا جائے گا۔