Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہٰ نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت پر او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد مسلم دنیا میں خواتین کی معیاری تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ٹھوس کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
وزیراعظم نے او آئی سی کے متحرک کردار پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کی تعریف کرتے ہوئے تنظیم کی مشترکہ ترجیحات اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور اسے مسلم امہ کی اجتماعی آواز کے طور پر مزید فعال بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ 
شہباز شریف نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازع کے حل کے لیے او آئی سی کے اصولی موقف اور مستقل حمایت پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے فلسطین میں جاری اسرائیل کی نسل کشی کی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کرنے، فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے اور اسرائیل کے وسیع پیمانے پر جنگی جرائم کے خلاف عالمی احتساب کی ضرورت پر زور دیا۔
سیکریٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ نے پاکستان کی طرف سے ان کے اور ان کے وفد کے پُرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا میں لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد مسلم امہ کے لیے اہمیت کے حامل مسائل کے حل کے لیے پاکستان کے قائدانہ کردار کی مثال ہے۔

سیکریٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ نے پاکستان کی طرف سے ان کے اور ان کے وفد کے پُرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: وزیراعظم ہاؤس)

سیکریٹری جنرل نے کشمیری عوام کی آزادی اور حق خودارادیت کی جائز جدوجہد میں او آئی سی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور وزیراعظم کو اس سلسلے میں او آئی سی کی جاری سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ او آئی سی کو غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے عالمی برادری پر اپنا دباؤ جاری رکھنا چاہیے اور اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فلسطین کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ 

 

شیئر: