مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد پر ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے نے اسلام آباد میں مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی میں مسلم ورلڈ لیگ کی حمایت کو سراہا۔
مزید پڑھیں
-
سعودی سفیر اور پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ملاقاتNode ID: 879449
دونوں رہنماؤں نے اس اشتراک کی پائیداری اور افادیت کو اُجاگر کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے اہم موضوع کے بارے میں عالمی سطح پر ایک اہم پیغام جائے گا کہ امت مسلمہ لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے عالمی سطح پر اسلام کے حقیقی تشخص کو فروغ دینے، مسلم دنیا کے مشترکہ مقاصد کی وکالت، مذاہب، عقائد اور تہذیبوں کے مابین باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں تنظیم کے تعاون کو سراہا۔
وزیراعظم نے مسلم ورلڈ لیگ کے مقاصد اور اہداف کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل کا پاکستان میں سیرت میوزیم کے قیام کے فیصلے پر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ مسلم دنیا کا یہ اہم منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، مشترکہ منصوبوں کی جلد تکمیل بالخصوص سیرت میوزیم کے قیام کے لیے کام جاری رکھے گا۔
سیکریٹری جنرل نے اسلامی ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کے شاندار انتظامات اور اس سلسلے میں مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان اور امت مسلمہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر مسلم دنیا کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم اور کوششوں کی تعریف کی۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیرِاعظم کو بتایا کہ اس کانفرنس کے اختتام پر مسلم ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے متفقہ ’اسلام آباد اعلامیہ‘ جاری کیا جائے گا جو کہ خواتین کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں دنیا بھر سے اپنے شعبوں کی نامور شخصیات، مختلف مکاتب فکر کے جید علما، سکالرز اور ماہرین تعلیم حصہ لے رہے ہیں۔
یہ کانفرنس خواتین کی تعلیم اور اسلاموفوبیا جیسے اہم موضوعات کے بارے میں غلط فہمیاں دور کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وزیرِاعظم نے مشرق وسطیٰ کے حالات پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر جاری مظالم کی مذمت کی اور صورت حال کی بہتری کے لیے بین الاقوامی برادری کے مؤثر کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیرِ مذہبی امور چوہدری سالک حسین، معاون خصوصی طارق فاطمی، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور متعلقہ اعلٰی حکام نے شرکت کی۔