Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائیو: حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات، تیسرا اجلاس 16 جنوری کو طلب

اہم نکات
حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 16 جنوری کو طلب
190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ مؤخر ہونے کے خلاف قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا احتجاج
عمر ایوب کا 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس
ضلع کرم میں روڈ بندش کے خلاف تاجر برادری کا احتجاج 

 حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات، تیسرا اجلاس 16 جنوری کو طلب
قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے لیے تیسرا اجلاس 16 جنوری کو طلب کر لیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مذاکراتی کمیٹیوں کا ان کیمرہ اجلاس 16 جنوری کی صبح 11 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔
اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 5 میں طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس کی سربراہی سپیکر اسمبلی ایاز صادق کریں گے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کا ’اوو اوو‘ کر کے احتجاج، عمران خان کی رہائی کا مطالبہ

اپوزیشن جماعت نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور کارکنان کی رہائی کے لیے احتجاج کیا۔
اپوزیشن ارکان نے ’اوو اوو‘ کی آواز لگاتے ہوئے انوکھا احتجاج ریکارڈر کروایا۔
اپوزیشن ارکان نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ’ظالمو جواب دو ظلم کا حساب دو‘ کی نعرے بازی کی۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس 3 گھنٹے 40 منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔

عمر ایوب کا 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ

 قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے مطالبہ کیا کہ حکومت 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے اقدامات کرے۔ 
انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس کے قیدیوں پر تشدد کیا جا رہا ہے جبکہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فیصلے پر حکومتی وزراء کیسے بات کر رہے ہیں، کیا فیصلہ انہوں نے لکھا ہے؟

اپوزیشن کا قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ، 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مؤخر ہونے پر احتجاج
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن جماعت سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کے ارکان نے احتجاج کے بعد ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔
اپوزیشن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا اور 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ مؤخر ہونے پر احتجاج کیا۔
اپوزیشن کے ہنگامے اور شور شرابے میں وقفہ سوالات جاری رہا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ایوی ایشن خواجہ آصف نے ڈپٹی سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں ترتیب لائیں تو جواب دوں گا۔

 جس پراپرٹی ٹائیکون کا جرمانہ معاف کیا اسی سے القادر ٹرسٹ کی زمین خریدی، وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی کیسز میں تاخیری حربے استعمال کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ رہا ہے، انہیں معلوم ہے کہ ان کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں عطا تارڑ نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا میگا کرپشن کیس ہے، جس پراپرٹی ٹائیکون کا جرمانہ معاف کیا اسی سے القادڑ ٹرسٹ کے لیے زمین خرید لی اور اب اسی ٹائیکون سے بنی گالہ میں 200 کنال کی زمین لی جا رہی ہے اور اسی ٹائیکون کے لیے صوبہ خیبرپختونخوا میں قانون سازی کر رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ کابینہ میں بند لفافہ لے جایا گیا کیونکہ ڈر تھا کہ اگر لفافہ کھل گیا تو کابینہ میں کوئی بھی اس کے حق میں فیصلہ نہیں دے گا اور 190 ملین پاؤنڈ کے اتنے بڑے ڈاکے کی کابینہ کے چند افراد نے توثیق کی۔

سائبر کرائم ونگ کو موصول ہونے والی شکایات اور سزاؤں کی تفصیلات

قومی اسمبلی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں بتایا گیا ہے کہ سال 2024 میں 12 لاکھ 38 ہزار 93 شکایات سائبر کرائم ونگ کو موصول ہوئیں، ایک ہزار 382 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 24 کو سزائیں ہوئیں۔
سال 2023 میں سائبر کرائم ونگ میں 15 لاکھ 2 ہزار 136 شکایات موصول ہوئیں، 2 ہزار 7 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ 92 کو سزا ہوئی۔ 
سال 2022 میں سائبر کرائم ونگ کو 1 لاکھ 45 ہزار 667 شکایات موصول ہوئیں، 1700 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ 48 کو سزائیں دیں۔
جواب کے مطابق سال 2021 میں 1 لاکھ 15 ہزار 886 شکایات موصول ہوئیں، 1603 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 38 کو سزائیں ہوئیں۔

عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس، میڈیا میں آنے پر پابندی

پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کا کوئی بھی رکن پارٹی اور پارٹی کے مرکزی ادارے کے کسی بھی افسر کے خلاف ’کوئی منفی اور توہین آمیز ریمارکس‘ نہیں دے سکتا۔
نوٹس کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان کی واضح ہدایات کے باوجود شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے خلاف توہین آمیز تبصرے کیے اور حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات پر بھی منفی تبصرے کیے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی ہدایت پر شو کاز جاری کیا گیا ہے اور وضاحت پیش کرنے کے لیے سات دن دیے ہیں۔
سات دنوں کے عرصے میں شیر افضل مروت کو میڈیا پر آنے اور پارٹی کی نمائندگی کرنے سے روک دیا ہے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان نے ذاتی مفاد نہیں حاصل کیا، پی ٹی آئی رہنما

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ القادر ٹرسٹ (190 ملین پاؤنڈ) ایک بھونڈا کیس ہے جو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف بنایا گیا۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی این سی اے نے 190 ملین پاؤنڈ برطانیہ سے سپریم کورٹ کو بھیجا اور یہ پیسہ اعلیٰ عدالت نے حکومت کے خزانے میں جمع کروا دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے کوئی ذاتی مفاد حاصل نہیں کیا اور یہ کیس ہر جگہ چیلنج ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ یہ کینگرو کورٹ ہے ’فیصل واوڈا اور خواجہ آصف نے کل ہی فیصلہ سنا دیا تھا، کیا وہ جج ہیں؟ ان کے پاس فیصلہ کہاں سے آیا؟‘

ضلع کرم  میں آمد و رفت بحال نہ ہو سکی، روڈ بندش کے خلاف تاجر برادری کا احتجاج

ضلع کرم میں آمد و رفت تاحال بحال نہیں ہو سکی ہے جبکہ روڈ بندش کے خلاف پاڑہ چنار بازار میں تاجر برادری نے احتجاج کیا ہے۔
شٹر ڈاؤن ہڑتال کی وجہ سے مارکیٹ مکمل بند ہیں جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پاڑہ چنار کے لیے کانوائے کے گزرنے کے لیے گزرگاہیں بند ہیں، فریق قبائل  کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔
پولیس نے مزید کہا کہ بنکر مسمار کرنے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور مسماری کے لیے مشینری ہنگو سے بھی منگوائی گئی ہے۔

عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس کا فیصلہ ایک مرتبہ پھر مؤخر

سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ مسلسل چوتھی بار ملتوی کر دیا گیا ہے۔
پیر کے روز توقع کی جارہی تھی کہ اس اہم مقدمے کا فیصلہ بالآخر سنا دیا جائے گا، تاہم عدالت نے اس کو ایک مرتبہ پھر ملتوی کرتے ہوئے اس کو 17 جنوری تک مؤخر کر دیا۔
جج ناصر جاوید رانا نے کہا کہ وہ صبح ساڑھے آٹھ بجے اڈیالہ جیل پہنچے، تاہم مجرمان کمرہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دستخط شدہ فیصلہ تیار ہے، اب فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔

سعودی عرب کے ساتھ حج 2025 کا معاہدہ، ایک لاکھ 79 ہزار سے زیادہ پاکستانی جائیں گے

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حج 2025 کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جائیں گے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ اور پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے میں عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے اور پاکستانی حجاج کو منیٰ میں کم قیمت پر خصوصی جگہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ایف بی آر کا خصوصی فیچرز والی 1 ہزار نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

اردو نیوز کے نمائندے صالح سفیر عباسی کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اپنے فیلڈ افسران کے لیے ایک ہزار دس نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ایف بی آر نے ہنڈا کمپنی کو خط لکھا ہے جس میں دو مراحل کے اندر گاڑیوں کی خریداری کا عمل مکمل کرنے کی درخواست کی ہے۔
خط میں ایف بی آر نے کہا ہے کہ خریدی جانے والی ایک ہزار دس گاڑیوں پر 6 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی اور خریداری دو مراحل میں مکمل کریں گے۔

 

 

شیئر: