پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کُرم کے دو کھلاڑیوں نے بھی اپنی جگہ بنائی ہے۔
پیر کو پی ایس ایل کے 10 ویں سیزن میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے لاہور میں تقریب منعقد ہوئی جس میں تمام ٹیموں نے اپنے سکواڈز کے لیے کھلاڑی منتخب کیے۔ یوں فسادات سے متاثرہ ضلع کرم سے پہلی بار دو نئے کھلاڑی بھی اس نئے سیزن کے لیے منتخب ہو گئے۔
بلے باز محمد نعیم لاہور قلندر کے 20 رکنی سکواڈ میں شامل ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ آل راونڈر شاہد عزیز ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے۔ شاہد عزیر کو ایمرجنگ پک اور محمد نعیم کو سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
پی ایس ایل 10 ڈرافٹ، کون سا کھلاڑی کس ٹیم میں؟Node ID: 884358
اوپننگ بیٹر محمد نعیم کا تعلق اپر کُرم لنڈیوان سے ہے جبکہ شاہد عزیز چھپری گاؤں کے رہائشی ہیں۔ کُرم کے دونوں کھلاڑیوں کی پی ایس ایل سیزن 10 میں شمولیت پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مقامی نوجوان سہیل بنگش کے مطابق کُرم کے گٹھن زدہ ماحول میں خوشی کی خبر سننے کو ملی ہے اور پورے علاقے میں ایک دوسرے کو مبارک باد دی جا رہی ہے
انہوں نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کُرم کے کشیدہ حالات کی وجہ سے سب پریشان ہیں مگر علاقے کے دو کھلاڑیوں کے انتخاب کی خبر کے بعد لوگوں کے اداس چہروں پر خوشی نظر آئی ہے۔‘
’یہ نوجوان کرم اور ہمارے صوبے کا روشن چہرہ ہیں، ہماری دعا ہے کہ دونوں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔‘
’پاکستان کے لیے دوسرے عبدالرزاق ثابت ہو سکتے ہیں‘
شاہد عزیز اسلامیہ کالج پشاور کے طالب علم رہ چکے ہیں۔ اسلامیہ کالج کے کرکٹ کوچ اور سپورٹس ڈائریکٹر علی ہوتی نے اردو نیوز کو بتایا کہ شاہد عزیز کا داخلہ میرٹ پر ہوا تھا، وہ پڑھائی میں قابل تھا مگر اس کے ساتھ ساتھ کرکٹ کا جنون بھی تھا۔ شاہد عزیز نے انٹر کالجز کے مقابلوں میں حصہ لیا اور ہمیشہ نمایاں کارکردگی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہد نے کرکٹ کے مختلف مقابلوں میں شرکت کی تاہم اس کے بعد ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے انہوں نے فرسٹ کلاس ڈیبو کیا۔ اور کالج کے بعد وہ کے آر ایل کی ٹیم کا حصہ بن گئے۔
علی ہوتی کا مزید کہنا تھا کہ ’شاہد عزیز میں کچھ کرنے کی جستجو تھی اسی لیے وہ روزانہ پریکٹس کے لیے گراونڈ میں موجود ہوتے تھے۔ اس نوجوان میں بہت ٹیلنٹ ہے اگر اسے موقع دیا گیا تو وہ پاکستان کے لیے عبدالرزاق ثابت ہو سکتا ہے۔‘
ٹرائبل کرکٹ اکیڈمی کے کوچ داؤد برکی کے مطابق محمد نعیم اور شاہد عزیز دونوں ہمارے کلب کے کھلاڑی رہ چکے ہیں، ہمیں خوشی ہوئی کہ دونوں کھلاڑیوں کو پی ایس ایل 10 سیزن میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ امید ہے کہ دونوں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
واضح رہے کہ ضلع کرم میں گذشتہ برس 21 نومبر کو مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے بعد امن و امان کی صورتحال بگڑ گئی ہے۔ مقامی عمائدین کے ساتھ کامیاب جرگے کے باوجود حالات معمول کے مطابق نہیں آ سکے جس کے باعث گذشتہ دو ماہ سے آمد و رفت کا سلسلہ مکمل بند ہے۔