بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ منگل کو دو روزہ سرکاری دورے پر عمان پہنچ گئے۔
عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق نے مسقط انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا خیرمقدم کیا۔
عمان خبررساں ایجنسی کے مطابق بحرینی فرمانروا کا طیارہ جیسے ہی فضائی حدود میں داخل ہوا عمانی رائل ایئرفورس کے طیاروں نے اسے اپنے حصار میں لے لیا۔
مسقط ایئر پورٹ سے دونوں رہنما قصر العلم روانہ ہوئے جہاں باضابطہ خیرمقدمی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
بحرینی فرمانروا نے سلطان ہیثم بن طارق کے ہمراہ گارڈ آف آنرکا معائنہ کیا، دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
شاہ بحرین کے ہمراہ وفد میں آنے والوں میں وزیر داخلہ شیخ رشید بن عبداللہ آل خلیفہ، وزیر خارجہ عبداللطیف بن راشد الزیانی اور عمان میں بحرین کے سفیر جمعہ بن احمد الکعبی شامل ہیں۔