Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا چلے جاؤ‘، ہمسایہ ملک کی تعریف کرنے پر پاکستانی ڈیزائنر تنقید کی زد میں

دیپک پروانی کی عمر 51 برس ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
پاکستان کے صف اول کے ڈیزائنر اور اداکار دیپک پروانی حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے بعد تنازعے کا شکار ہو گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ انڈیا پاکستان سے بہتر ہے۔
’سم تھنگ ہاٹ‘ کو انٹرویو میں دیپک پروانی نے انڈین شہر جے پور میں اپنے کام اور دورے سے متعلق تجربے کے بارے میں بتایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کا معیار زندگی پاکستان سے بہتر ہے، وہاں لوگ زیادہ خوش اور ہنستے مسکراتے رہتے ہیں۔‘
انڈیا میں خواتین کو حاصل آزادیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دیپک پروانی کا کہنا تھا کہ ’وہاں خواتین کو زیادہ آزادی حاصل ہے، وہ وہاں بلاخوف سڑکوں پر چلتی ہیں، سائیکلیں چلاتی ہیں، موٹر سائیکلیں چلاتی ہیں۔‘
ڈیزائنر نے انڈیا کے جدید طرز زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وہاں پانی پوری والے کے پاس بھی ٹیبلٹ (ٹیب) ہے، آٹو رکشہ چلانے والے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں۔‘
انڈیا اور پاکستان کے انفراسٹریکچر کا موازنہ کرتے ہوئے دیپک پروانی کا کہنا تھا کہ ’وہاں رنگ دیکھ کر مزہ آیا، وہاں کنکریٹ کے جنگلات نہیں، فٹ پاتھ ہیں، پارکس بنے ہوئے ہیں، جہاں لوگ آزادی کے ساتھ گھوم پھر سکتے ہیں۔‘
لاہور اور کراچی کے طرز رہائش پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’شکر ہے لاہور کا ماحول، طرز زندگی انڈیا سے ملتا جلتا ہے، یہاں بھی کھلی فضا ہے، کراچی کی طرح نہیں کہ جہاں پارک میں جانے کے لیے بھی لیڈیز (خواتین) کا ساتھ ہونا ضروری ہے۔‘
دوسری جانب دیپک پروانی کے اس انٹرویو نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
کچھ صارفین نے ان کی گفتگو کو حق گوئی قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’دیپک بھی پاکستانی ہیں اور وہ پاکستان کا بھلا چاہتے ہیں‘ جبکہ کچھ صارفین نے اس پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر انڈیا اتنا ہی پسند ہے تو وہاں منتقل کیوں نہیں ہوجاتے۔‘
ایک صارف نے لکھا ’انڈیا میں رہ کر دیکھیں، آپ کو وہ عزت کبھی نہیں ملے گی جو یہاں ملتی ہے۔‘

 

شیئر: