’مہا کُمبھ‘ میلے میں نشیلی آنکھوں والی مونالیزا کون ہیں؟
اتوار 19 جنوری 2025 16:20
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اندور سے تعلق رکھنے والی لڑکی کا نام مونا لیزا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈیا میں جاری مہا کُمبھ کا میلے کو تاریخ انسانی کا سب سے بڑا تہوار کہا جاتا ہے جو ہر چھ سے 12 برس کے درمیان ایک مرتبہ منعقد ہوتا ہے۔
مہا کُمبھ میلے سے تعلق رکھنے والے کئی ایک ایسے کردار اور کہانیاں سامنے آئی ہیں جنہوں نے رات و رات انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے۔
انہی میں سے ایک کردار اندور کی مالا بیچنے والی مونالیزا بھی ہے جن کی ویڈیوز اور تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہیں۔
انڈیا ویب سائیٹ ’منٹ‘ کے مطابق ہار بیچنے والی اس لڑکی کا تعلق انڈیا کی ریاست ’مدھیا پردیش‘ سے ہے اور یہ اپنا نام مونا لیزا بتاتی ہے۔
ایک وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مونالیزا جاپان کی ایک سیاح کے ساتھ موجود ہیں۔
دونوں مہا کُمبھ 2025 میں شرکت کے تجربے پر بھی تبادلہ خیال کر رہی ہیں۔ ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی خاتوں سیاح کو پھولوں کے ہار بیچ رہی ہے۔
اندور کی لڑکی نے اپنی منفرد بول چال سنہری آنکھوں، گہری رنگت اور دلکش چہرے کی وجہ سے کافی توجہ حاصل کی ہے۔
گذشتہ چند دنوں میں ’مہا کُمبھ‘ میلے میں شرکت کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد نے اس کے ساتھ فوٹو بنوانے کی کوشش کی ہے۔
ایک دوسری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مونالیزا میلے میں آنے والے لوگوں کے متعلق شکوہ کر رہی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ ’میں تصویر بنوانے کے لیے آنے والے لوگوں کے ساتھ تصویریں بنا بنا کر تنگ آگئی ہوں۔‘
ایک دوسری ویڈیو میں جب مونالیزا سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ رات و رات انٹرنیٹ پر مشہور ہو کر کیسا محسوس کر رہی ہے؟
اس کے جواب میں مونالیزا غصے میں کہتی ہے کہ ’میں تصویر بنوانے کے لیے آنے والوں سے تنگ آگئی ہوں، حتیٰ کہ میں ہار بھی نہیں بیچ پا رہی ہوں۔‘