Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستانی جگاڑ‘، گوجرانوالہ کا سائبر ٹرک کس کی تخلیق اور قیمت کیا؟

پاکستان میں گاڑیوں کے شوقین افراد اکثر مہنگی اور لگژری گاڑیوں کے ڈیزائن سے متاثر ہو کر اس کی نقل تیار کرتے ہیں جو اصل کی طرح دکھائی دیتی ہیں۔
حال ہی میں گوجرانوالہ کے ایک رہائشی نے ایسا ہی کارنامہ انجام دیتے ہوئے ٹیسلا کے مشہور زمانہ ’سائبر ٹرک‘ کی نقل تیار کی ہے۔
اس ’سائبر ٹرک‘ کا ڈیزائن دیکھنے میں ٹیسلا کے سائبر ٹرک جیسا ہی ہے جس سے کاریگر کی باریک بینی اور تخلیقی صلاحیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ 
یہ ’سائبر ٹرک‘ گوجرانوالہ کے ولی محمد نامی انجینیئر نے اپنی ورکشاپ میں تیار کیا ہے۔
مغل سیف گارڈ نامی کمپنی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ان کی 3 برانچز ہیں جن میں سے دوسری برانچ میں کاریگر محمد ولی نے کلائنٹ کی خواہش پر یہ گاڑی تیار کی۔ 
یہ گاڑی سیالکوٹ روڈ، سول لائنز برانچ نے تیار کی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس گاڑی پر 30 لاکھ تک اخراجات آئے ہیں اور گاڑی تیار ہو کر کلائنٹ کے حوالے کر دی گئی ہے۔
ان کے بقول 'کلائنٹ سائبر ٹرک جیسی گاڑی چاہتے تھے جس کے لیے انہوں نے ہم سے رابطہ کیا۔ ہمارے کاریگر ولی محمد نے 30 لاکھ میں گاڑی تیار کر کے دی‘۔ 


اس سائبر ٹرک کو گوجرانوالہ کے انجینئر نے کلائٹ کی فرمائش پر تخلیق کیا ہے۔ (فوٹو: مغل سیف گارڈ)

اس کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ عموماً اسی طرح آرڈر پر مختلف گاڑیاں تیار کرتے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گاڑی کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو چکی ہیں اور انٹرنیٹ صارفین نے اس کو ’پاکستانی ٹیسلا‘ کا خطاب دیا ہے۔
سعد قیصر نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’پاکستان کا پہلا لوکل تیار کردہ سائبر ٹرک۔ ایلون مسک اب یہ وقت ہے پاکستان میں مینوفیکچرنگ پلانٹ کھولنے کا۔ حکومت دن رات محنت کر رہی ہے۔‘

خالد مصطفی نے لکھا ’ایلون مسک آپ کے سائبر ٹرک کا پروٹوٹائپ پاکستان میں گھوم رہا ہے۔ آپ کا ڈیزائن دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، مقامی انجینئرز نے اسے دیسی ٹؤسٹ دیا ہے۔ اس شاہکار کو چیک کریں۔‘

سلمان نے لکھا ’ایسی کوئی چیز نہیں بچی جسے پاکستانی آلٹو سے تبدیل نہ کرسکیں۔‘

محمد مدثر نے کہا ’جگاڑ راکڈ، ایلون مسک شاکڈ۔ سائبر ٹرک اب پاکستان میں بھی دستیاب، قیمت صرف 1 ہزار ڈالر۔‘

سائبر ٹرک امریکہ کے ٹیک ارب پتی ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا کی تخلیق ہے۔ یہ چار دروازوں پر مشتمل سٹین لیس سٹیل سے بنا پک اپ ٹرک اپنی الیکٹرک اور لچکدار سسپینشن اور آرمرڈ شیشوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ اس ٹریک کی قیمت 80 ہزار ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ 

 

شیئر: