مصری نوجوان محمد عادل کی تین لڑکیوں سے بیک وقت شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دولہا کا بیان سامنے آیا ہے ۔
دولہا محمد عادل نے بیک وقت تین شادیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ’ دو سے شادیاں کی ہیں۔ تقریب کے دوران پہلی بیوی بھی وہاں پہنچ گئی اور وہ بھی فوٹو سیشن میں شامل ہو گئی۔’
مزید پڑھیں
العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے احمد عادل کا کہنا تھا’ تین لڑکیوں سے بیک وقت شادی نہیں کی صرف دو شادیاں کی ہیں۔‘
’ پہلی شادی کے چھ ماہ بعد دوسری شادی کی جس کےلیے پہلی بیوی سے رضامندی حاصل کی اور اس نے ہی میرے لیے دلہن کاانتخاب کیا اور تیاریاں بھی اسی نے کی تھیں۔‘
محمد عادل کا کہنا تھا ’میری خوشی اس وقت دوبالا ہو گئی جب شادی کی تقریب میں پہلی بیوی نے سفید عروسی جوڑا پہنا اور تقریب میں شامل ہوگئی۔‘
سوشل میڈیا پر تبصروں کے حوالے سے کہنا تھا ’مجھے ان باتوں سے شدید کوفت ہوئی ہے،کچھ لوگوں کے کمنٹس کافی تکلیف دہ تھے جبکہ بعض کا کہنا تھا یہ شادی ہوئی ہی نہیں بلکہ صرف شہرت حاصل کی کوشش تھی۔‘
دولہا کا کہنا تھا کہ ’خود ٹی وی کی دنیا سے تعلق ہے، شہرت حاصل کرنے کے لیے یہ سب کچھ کرنے کی ضرورت ہی نہیں۔‘
دوسری جانب قاہرہ کے شمالی علاقے شبرا الخیمہ کے اس بیوٹی پارلر کی مالکہ صابرین حسنی نے العربیہ کو بتایا’ دولہا نے اپنی ہونے والی دلہن امیرہ کےلیے پارلر کی بکنگ کرائی اور ایک ہفتے بعد دو دلہنوں ( اسما اور بوسی) کےلیے اسی دن کی بکنگ کرائی۔‘
بیوٹی پارلر کی مالکہ نے جب اس انوکھی شادی کے حوالے سے تینوں دلہنوں اور دولہا کی وڈیو پوسٹ کی تو سوشل صارفین نے انتہائی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے دریافت کیا ’کیا یہ سچ ہے یا محض پبلسٹی کے لیے کیا گیا ہے؟