قطر نے امریکہ اور افغانستان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کےلیے کامیاب ثالثی کا اعلان کیا ہے۔
قطر نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ میں وزیر مملکت ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز بن صالح الخلیفہ نے بیان میں کہا ’ثالثی کوششوں کے نتیجے میں افغانستان میں قید دو امریکی شہریوں کی رہائی عمل میں آئی ہے۔‘
مزید پڑھیں
جبکہ امریکہ میں قید ایک افغان شہری کو رہا کیا گیا۔ تمام افراد دوحہ پہنچ چکے ہیں اور ان کی اپنے ممالک واپسی کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے گئے۔
انہوں نے قطر کی ان کوششوں اور قیدیوں کے تبادلے کے اس عمل کو آسان بنانےمیں تعاون پر افغانستان کی عبوری حکومت اور امریکی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ پرامن ذرائع سے تنازعات کو حل کرنے کےلیے مزید تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔
انہوں نے قطری سفارتکاری کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قطر نے متعدد اہم مسائل میں ثالثی کے ذریعے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادرے اے پی کے مطابق امریکی حکام نے تصدیق کی کہ قیدیوں کے تبادلے میں کیلیفورنیا میں منشیات کی سمگلنگ اور دہشت گردی کے الزام میں عمر قید کی سزا پانے والے ایک طالبان شہری کے بدلے دو امریکیوں کو رہا کیا گیا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کے ایک عہدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا’ یہ معا ہدہ جو بائیڈن انتظامیہ نے پیر کو چارج چھوڑنے سے قبل کیا تھا۔‘
کابل میں طالبان کی وزارت خارجہ نے کہا’ دو امریکی شہریوں کا تبادلہ امریکہ میں قید افغان شہر محمد خان کے ساتھ کیا گیا ہے جنہیں 2008 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔‘