پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ کے پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کو پاکستان پر دوسری اننگز میں 9 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 49، سعود شکیل 32 اور ساجد خان 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
مزید پڑھیں
-
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 19 برس بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان پہنچ گئیNode ID: 883997
ویسٹ انڈیز کی طرف سے گوداکیش موتی نے چار، جومیل وریکان نے تین جبکہ کیمار روچ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی پہلی اننگز
پاکستان کو پہلا نقصان 22 کے سکور پر ہوا جب محمد ہریرہ 9 رنز بنا کر کیمار روچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
محمد ہریرہ کے بعد بابر اعظم بھی کریز پر نہ رُک سکے اور صرف ایک رن بنا کر گوداکیش موتی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ بھی اگلے ہی اوور میں گر گئی جب کپتان شان مسعود 15 رنز بنا کر کیمار روچ کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کو چوتھی کامیابی کامران غلام کی وکٹ کی صورت میں ملی جو 16 کے انفرادی سکور پر گوداکیش موتی کی گیند پر میدان بدر ہوگئے۔
پانچویں وکٹ کے لیے سعود شکیل اور محمد رضوان کے درمیان شراکت قائم ہوئی لیکن 119 کے ٹیم سکور پر سعود شکیل نے ہاتھ کھڑے کر دیے۔
ویسٹ انڈیز کو چھٹی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا جس کے بعد محمد رضوان 49 رنز بنا کر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد نعمان علی صفر رن پر جومیل وریکان کا شکار بن گئے۔
ہوم ٹیسٹ میچز میں مرد بحران ثابت ہونے والے سلمان علی آغا بھی ویسٹ انڈین سپن بولنگ کے آگے نہ چل سکے اور 9 رنز بنا کر گوداکیش موتی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کی آخری دو وکٹیں ابرار احمد اور کاشف علی کی گریں جو بالترتیب 2 اور صفر رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلی اننگز میں گوداکیش موتی نے 55، جومیل وریکان نے 36 اور کیمار روچ نے 25 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے ہیٹرک کرتے ہوئے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ساجد خان نے دو اور کاشف علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز
ملتان کی سپن دوست پچ پر ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان 8 کے ٹیم سکور پر ہوا جب ڈیبیو کرنے والے کاشف علی کی گیند پر میکائل لوئس وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔
پہلی وکٹ کے بعد نعمان علی اور ساجد خان نے پچ کی کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھایا اور کوئی بھی ویسٹ انڈین بیٹر اُن کے سامنے لمبی اننگز نہ کھیل سکا۔
ویسٹ انڈیز کو دوسرا نقصان 9 رنز پر ہوا جب ڈیبیو کرنے والے عامر جنگو ساجد خان کا شکار بن گئے۔
مہمان ٹیم کی تیسری وکٹ کپتان کریگ براتھ ویٹ کی گری جو 9 رن بنا کر نعمان علی کی گیند پر میدان چھوڑ گئے۔
ویسٹ انڈیز کی چوتھی وکٹ 37 رنز پر گری جب ایلک اتھانزے ساجد خان کی گیند پر صفر رن پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
ویسٹ انڈیز کی پانچویں، چٹھی اور ساتویں وکٹ 38 رنز پر گری جب نعمان علی نے ہیٹرک کرتے ہوئے بالترتیب جسٹن گریوز، تیون املاچ اور کیون سنکلیئر کو آؤٹ کیا۔
یہ کسی بھی پاکستانی سپنر کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی ہیٹرک ہے۔
پاکستان کو آٹھویں کامیابی کیون ہوج کی وکٹ کی صورت میں ملی جنہیں ابرار احمد نے 21 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔
نویں وکٹ کے لیے کیمار روچ اور گوداکیش موتی کے درمیان 41 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔
اس پارٹنرشپ کو نعمان علی نے 95 کے ٹیم سکور پر کیمار روچ کی وکٹ حاصل کر کے ختم کیا۔
ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ جومیل وریکان کی گری جو 8 سکور پر ساجد خان کی میچ میں تیسری وکٹ بن گئے۔
آخری وکٹ کے لیے جومیل وریکان اور گوداکیش موتی کے درمیان 68 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔
اس شراکت کے ذریعے ویسٹ انڈین ٹیم کو مشکل پچ پر بڑا سہارا ملا۔
ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ 163 رنز پر گری جب گوداکیش موتی نعمان علی کی میچ میں چھٹی وکٹ بن گئے۔
ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
پاکستانی ٹیم میں خرم شہزاد کی جگہ فاسٹ بولر کاشف علی کو شامل کیا گیا ہے جو کے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون میں اس میچ کے لیے دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کیسی کارٹی کی جگہ عامر جینگو کو شامل کیا گیا ہے جو کے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ جیڈن سیلز کی جگہ کیمار روچ ٹیم میں آئے ہیں۔
اس سے قبل ملتان ہی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ ہے۔
تاہم دونوں ٹیمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے فائنل کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، محمد ہریرہ، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، کاشف علی اور ابرار احمد شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون میں کریگ براتھ ویٹ (کپتان)، میکائل لوئس، عامر جنگو، کیوم ہوج، ایلک اتھانزے، جسٹن گریوز، ٹیوِن املاچ، کیون سنکلیئر، گوداکیش موتی، جومیل وریکان اور کیمار روچ شامل ہیں۔