پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپرسٹار بیٹر بابر اعظم نے اپنا بیٹ تبدیل کر لیا ہے۔
نئے سال کے موقع پر بابر اعظم کے حوالے سے نئی خبر سامنے آئی ہے کہ انہوں نے مشہور سپورٹس برینڈ گرے نکلوز کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
ون ڈے کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری، بابر اعظم پہلی پوزیشن پر برقرارNode ID: 882224
بابر اعظم اب پاکستانی برینڈ سی اے سپورٹس کا بیٹ استعمال کریں گے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف تین جنوری سے شروع ہونے والے دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ سے قبل سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں بابر اعظم کو سی اے کے بیٹ سے نیٹ پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
اس بارے میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گرے نکلوز نے اپنی پوسٹ میں بابر اعظم کے برینڈ چھوڑنے کے بارے میں تصدیق کی۔
اسی طرح سی اے سپورٹس نے اپنی پوسٹ میں بابر اعظم کو خوش آمدید کہا۔
سی اے سپورٹس نے لکھا کہ ’کنگ بابر اعظم کو سی اے فیملی میں خوش آمدید۔‘
گرے نکلوز مشہور برطانوی کمپنی گریز انٹرنیشنل کا برینڈ ہے جو کے 1855 سے کرکٹ کا سامان تیار کر رہا ہے۔
دوسری جانب سی اے سپورٹس کا تعلق پاکستانی شہر سیالکوٹ سے ہے۔
بابر اعظم سے قبل جاوید میانداد، شعیب ملک، سعید انور اور انضمام الحق جیسے بڑے کرکٹرز سی اے کے بیٹ استعمال کر چکے ہیں۔
اُدھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کرکٹ شائقین بابر اعظم کے بیٹ سپانسر کے تبدیل ہونے پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔
عاطف انیس اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’گرے نکلوز سے بابر اعظم کی ریٹائرمنٹ ایک عہد کے ختم ہونے جیسا محسوس ہو رہی ہے۔ کھلاڑی اور اُس کے بیٹ کے سپانسر کے درمیان تعلق بہت گہرا ہوتا ہے۔ کسی دوسرے برینڈ سے انہیں کھیلتا دیکھ کر دل دکھے گا۔‘
عبداللہ حماد لکھتے ہیں کہ ’اس بات نے مجھے واقعی پریشان کر دیا۔ میں ظاہر نہیں کرتا لیکن بطور سابق فین مجھے اُن کے لیے برا لگ رہا ہے۔ اُن کی حالیہ فارم اچھی نہیں ہے اس وجہ سے انہیں وہ بیٹ استعمال کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جو انہیں پسند نہیں ہے۔‘