Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل نے 70 فلسطینی قیدی رہا اور ڈی پورٹ کر دیے،’یہ ناقابل بیاں احساس ہے‘

فلسطینی قیدیوں کو اسرائیل کے نقب صحرا میں واقع كتسيعوت جیل سے مصر منتقل کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل کی قید سے رہا ہونے کے بعد 70 فلسطینی شہری مصر پہنچ گئے ہیں۔
عرب نیوز نے مصر کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے حصے کے طور پر ان قیدیوں کو سنیچر کو بسوں کے ذریعے مصر منتقل کیا گیا ہے۔
مصر کی ریاستی انٹیلی جنس سے منسلک القاہرہ نیوز نے بتایا کہ ان قیدیوں کو اسرائیل سے ’ڈی پورٹ‘ کیا گیا ہے اور علاج معالجے کے لیے اب انہیں مصر کے ہسپتالوں میں لے جایا جائے گا۔
اس سے قبل اسرائیل کی جانب سے 230 فلسطینیوں کی فہرست منظرعام پر لائی گئی تھی جو اسرائیل کے خلاف مہلک حملوں کے الزام میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔
اسرائیل نے کہا تھا کہ یہ افراد رہائی کے بعد فلسطین کے علاقوں سے مستقل طور پر بے دخل کیے جائیں گے۔
سنیچر کو رفح راہداری کی مصری حدود میں سرمئی رنگ کے ٹریک سوٹ میں ملبوس کچھ قیدیوں کو دو بسوں سے اترتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

اسرائیل نے کہا تھا کہ یہ افراد رہائی کے بعد فلسطینی علاقوں سے مستقل طور پر بے دخل کیے جائیں گے (فوٹو: اے ایف پی)

فلسطینی قیدیوں کے امور سے متعلق کمیٹی کے سربراہ امین شمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ڈی پورٹ کیے گئے فلسطینی قیدی الجیریا، ترکیہ یا تیونس جائیں گے۔‘
آج رہا ہونے والے ایک فلسطینی نے بس میں سے ہاتھ ہلاتے ہوئے القاھرہ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ناقابلِ بیان احساس ہے۔‘
یہ 70 افراد ان 200 قیدیوں میں شامل ہیں جنہیں سنیچر کو چار یرغمال اسرائیلی فوجی خواتین کی رہائی کے بدلے چھوڑا جانا تھا۔
ان قیدیوں کو اسرائیل کے نقب صحرا میں واقع كتسيعوت جیل سے مصر منتقل کیا گیا ہے۔

شیئر: