کیا آئی فون 17 سیریز میں ڈائنامکس آئی لینڈ ختم کیا جا رہا ہے؟
کیا آئی فون 17 سیریز میں ڈائنامکس آئی لینڈ ختم کیا جا رہا ہے؟
پیر 27 جنوری 2025 6:33
رواں برس آئی فون 17 سیریز کے چار مختلف ویریئنٹس آنے کی توقع کی جا رہی ہے (فائل فوٹو: ریڈِٹ)
آئی فون کی ہر نئی سیریز میں کچھ نہ کچھ مختلف ضرور ہوتا ہے۔ اب آئی فون کے اگلے ماڈل سے متعلق صارفین میں یہی تجسس پایا جا رہا ہے کہ اس میں نیا کیا ہو گا۔
اس حوالے جہاں بہت سے اندازے گردش کر رہے ہیں وہیں ٹیک مارکیٹ کے تجزیہ کار بھی دعوے کر رہے ہیں۔
ویب سائٹ گیجٹس 360 نے آئی فون مارکیٹ پر نگاہ رکھنے والے ایک تجزیہ کار کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ رواں برس آنے والی آئی فون سیریز کے تمام ویریئنٹس میں ڈائنامک آئی لینڈ میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں لائی جا رہی۔
ابھی تک مارکیٹ میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ رواں برس آئی فون 17 سیریز میں چار قسم کے فونز شامل ہوں گے؛ آئی فون 17، آئی فون 17 ایئر، آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرومیکس۔
مارکیٹ تجزیہ کار کا یہ تازہ ترین دعویٰ آئی فون 17 سے متعلق گزشتہ دعوؤں سے متصادم ہے۔ اس سے قبل کہا گیا تھا کہ ایپل ڈائنامک آئی لینڈ کے سائز کو کم کرے گا۔
فی الحال ڈائنامک آئی لینڈ میں سیلفی کیمرہ اور فیس آئی ڈی جیسی خصوصیات کے لیے استعمال ہونے والے دیگر سینسر موجود ہیں۔
یہ بھی کہا گیا کہ کمپنی ان فیچرز کو مکمل طور پر ڈسپلے کے نیچے منتقل کرنے پر کام کر رہی ہے۔
ٹی ایف سیکیورٹیز انٹرنیشنل کے تجزیہ کار منگ چی کو نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں توقع کہ ایپل آئی فون 17 سیریز میں ڈائنامک آئی لینڈ کے سائز میں ’بڑی حد تک کوئی تبدیلی نہیں‘ کرے گا۔
منگ چی کو کی یہ پوسٹ اس سیکشن کے بارے میں اس سے قبل لیک ہونے والی معلومات کے برعکس ہے۔ ان کی پوسٹ میں آئی فون 17 لائن اپ سے متعلق کوئی اضافی تفصیلات بھی شامل نہیں ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ جب ایپل کی نئی متوقع ڈیوائسز کی تفصیلات کی پیش گوئی کی بات ہو تو تجزیہ کار منگ چی کو کا ٹریک ریکارڈ قابلِ اعتماد ہے۔
ان کا تازہ ترین دعویٰ جولائی 2024 میں ہائیٹونگ انٹرنیشنل ٹیک ریسرچ کے جیف پو کے ذریعے کیے گئے دعوے سے بالکل الگ ہے۔
جیف پو نے کہا تھا کہ ڈائنامک آئی لینڈ آئی فون 17 پرو میکس میں پروکسیمٹی سینسر کے لیے ’میٹالینز‘ ٹیکنالوجی استعمال کرے گا۔
ایپل نے پہلے والے پرانے ماڈلز جیسا کہ آئی فون 13 سیریز پر ڈسپلے نوچ کا سائز کم کر دیا تھا۔
ایک سال قبل آئی فون 14 پرو کے ساتھ ڈائنامک آئی لینڈ متعارف کرایا گیا تھا۔ تاہم ایسا لگتا ہے کہ چھوٹے ڈائنامک آئی لینڈ والے آئی فون کے آنے تک صارفین کو کم از کم ایک برس انتظار کرنا پڑے گا۔
ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ایپل شاید آئی فون SE 4 کو ایسی باڈی سے لگانے کا منصوبہ بنا رہا ہے جو آئی فون 14 سے ملتی جلتی ہو لیکن اس میں ڈسپلے نوچ کے بجائے ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر بھی شامل ہو۔
تاہم ممکنہ طور پر کمپنی کے آئی فون ایس ای (2022) کی جگہ لینے والے فون کی آمد ڈسپلے، کیمرہ، پروسیسر میں کئی تبدیلیوں کے ساتھ متوقع ہے۔
یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ نئی ڈیوائس ایپل انٹیلی جنس اور فیس آئی ڈی کے اپ گریڈڈ فیچرز سے بھی لیس ہو گی۔