جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنی فلیگ شپ سمارٹ فون سیریز گلیکسی ایس 25 لانچ کر دی ہے۔
بدھ کے روز کیلیفورنیا کے شہر سان ہوزے میں سام سنگ ان پیکڈ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں کمپنی نے گلیکسی ایس 25، ایس 25 پلس اور گلیکسی ایس 25 الٹرا متعارف کروائے۔
مزید پڑھیں
-
ایپل اپنا سستا ترین آئی فون کب لانچ کرنے جا رہا ہے؟Node ID: 879777
-
سام سنگ ایس 25 سیریز جیمینائی ایڈوائنس کی سبسکرپشن مفت دے گی؟Node ID: 883792
ٹیک ویب سائٹ زیڈ ڈی نیٹ کے مطابق نئی گلیکسی ایس 25 سیریز میں ہارڈویئر کی خاص تبدیلیاں دیکھنے میں نہیں آئیں، البتہ فون کے ڈیزائن، چپ سیٹ، سافٹ ویئر اور رنگوں میں تبدیلیاں نظر آئیں گی۔
سام سنگ نے اپنے آپریٹنگ سسٹم One UI 7 میں تازہ ترین مصنوعی ذہانت کی خصوصیات متعارف کروائی ہیں جس میں صارفین کے روزمرہ کے معاملات کو ان کے فونز کے ساتھ ہر ممکن حد تک ہموار بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔
ان میں کچھ اہم نکات میں نیا ذاتی ڈیٹا انجن، ملٹی ایپ کمانڈز، اور ایک ناؤ بریف فیچر شامل ہیں جو صارف کی ضروریات کا اندازہ لگاتے ہوئے ایک مکمل پیکج مہیا کرتے ہیں۔
ایس 25 اور ایس 25 پلس کی خصوصیات
پچھلے سال کی طرح سام سنگ نے تین نئے Galaxy S ماڈلز متعارف کروائے، جن میں بیس ماڈلز کو ہلکے اور پتلے ڈیزائن جیسے کچھ بامعنی اپ گریڈ ملے۔
ایس 25 کے نئے رنگوں میں آئس بلیو، نیوی، منٹ، سلور شیڈو، اور خصوصی آن لائن رنگوں میں بلیو بلیک، کلر ریڈ اور پنک گولڈ رنگ شامل ہیں۔
فونز کے مرکز میں گلیکسی کے لیے نیا لانچ کیا گیا Qualcomm Snapdragon 8 Elite پراسیسر موجود ہے۔ سام سنگ کے مطابق، چپ سیٹ مسابقتی اینڈرائیڈ فونز پر پائے جانے والے ویریئنٹس سے مکمل طور پر مختلف ہوگا۔
سام سنگ کا دعویٰ ہے کہ یہ چپ سیٹ Galaxy S24 Ultra کے مقابلے NPU میں 40 فیصد، CPU میں 37 فیص، اور GPU میں 30 فیصد بہتر کارکردگی فراہم کرتا ہے۔
مصنوعی ذہانت سے ہٹ کر یہ چپ سیٹ گیمنگ کے دوران ایک ہموار تجربہ فراہم کرنے میں مدد کرے گا۔ Vulkan Engine سے لیس یہ چپ سیٹ ایک اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا گرافکس پلیٹ فارم اور بہتر رے ٹریسنگ مہیا کرے گا۔
فون کے دیگر فیچرز ایس 24 سے ملتے جلتے ہی ہیں، جیسا کہ اس کا 6.2 انچ اور 6.7 انچ ڈسپلے، 4,000mAh اور 4,900mAh بیٹریاں، 120Hz اڈاپٹیو ریفریش ریٹ، 50 میگا پکسل مین کیمرہ لینز، ایک 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینز، ایک 10 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینز اور 12 میگا پکسل سیلفی کیمرہ۔
کیمرہ ہارڈویئر میں کوئی تبدیلی نہ ہونے کے باوجود، سافٹ ویئر اپ گریڈ صارفین کے تجربے کو نمایاں طور پر بہتر کرے گا۔ مثال کے طور پر، 10 بٹ ایچ ڈی آر ریکارڈنگ اب ڈیفالٹ کے طور پر ان فونز میں لاگو ہوگی جس سے صارفین اپنی ویڈیوز میں بہتر تصاویر اور ویڈیوز حاصل کر سکتے ہیں۔
فون میں ایک نیا Galaxy Virtual Aperture موجود ہے جو Expert RAW ایپ میں ضم ہوتا ہے اور صارفین کو بہتر گہرائی کا فیلڈ کنٹرول فراہم کرتا ہے جو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ تصاویر ڈی ایس ایل آر سے لی گئی ہوں۔
گلیکسی ایس 25 اور ایس 25 پلس میں ProScaler کے ساتھ ایڈوانسڈ مصنوعی ذہانت امیج پروسیسنگ بھی دی گئی ہے، جو سام سنگ ٹی وی کی طرح ویڈیوز کی ریزولوشن کو ڈیجیٹل طور پر بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتا ہے۔ اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے فونز کو QHD+ ریزولوشن پر سیٹ کرنے کی ضرورت ہو گی۔
ان دونوں فونز کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، گلیکسی ایس 25 کی قیمت 799 ڈالر اور ایس 25 پلس کی قیمت 999 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔
گلیکسی ایس 25 الٹرا کی خصوصیات اور قیمت
اس سال ایس 25 الٹرا میں کئی ڈیزائن اپ گریڈ دیے گئے ہیں، گزشتہ سال کے برعکس اس کے باہری کناروں کو گول کر دیا گیا ہے اور کیمرہ کے گرد ڈیزائن میں تبدیلی بھی کی گئی ہے۔
ایس 25 الٹرا کا وزن 218 گرام ہے اور یہ 8.2 ملی میٹر پتلا ہے، جبکہ پرانے ایس 24 الٹرا کا وزن 232 گرام تھا اور وہ 8.6 ملی میٹر پتلا تھا۔
ایس 25 الٹرا کی سکرین میں ایک نیا کارننگ گوریلا آرمر 2 دیا گیا ہے جو فونز کو گرنے کی صورت میں بہتر حفاظت فراہم کرتا ہے اور سکریچز سے بچاتا ہے۔
گلیکسی ایس 25 الٹرا میں 6.9 انچ کا AMOLED ڈسپلے اور S24 الٹرا جیسی اینٹی ریفلیکشن کوٹنگ موجود ہے۔
ایک اور قابل ذکر ہارڈویئر اپ گریڈ اس کا 50 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرہ سینسر ہے، جو S24 الٹرا کے 12 میگا پکسل سے بہتر ہونے والا ہے۔
الٹرا وائڈ کے علاوہ ایس 25 کے باقی کیمرے ایس 24 الٹرا جیسے ہی ہیں جن میں 200 میگا پکسل مین لینز،3 گنا آپٹیکل زوم کے ساتھ 10 میگا پکسل ٹیلی فوٹو، 5 گنا آپٹیکل زوم کے ساتھ 50 میگا پکسل ٹیلی فوٹو، اور 12 میگا پکسل سیلفی کیمرہ شامل ہیں۔
فون کی بیٹری میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا اور اس کا سائز 5000 mAH ہی ہے۔
تاہم ایک اہم تبدیلی جو صارفین کو دیکھنے میں ملے گی وہ یہ ہے کہ اب گلیکسی ایس 25 الٹرا کا ایس پین وائر لیس ائیر جیسچرز کو سپورٹ نہیں کرے گا، یعنی آپ ایس پین کی مدد سے وائرلیس طریقے سے فون سے تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ بھی نہیں کر پائیں گے۔
ایس 25 الٹرا ٹائٹینیم سلور بلیو، ٹائٹینیم وائٹ سلور، ٹائٹینیم گرے اور ٹائٹینیم بلیک کے رنگوں کے ساتھ آتا ہے جبکہ اس کے آن لائن خصوصی رنگوں میں ٹائٹینیم پنک گولڈ، ٹائٹینیم جیٹ بلیک اور ٹائٹینیم جیڈ گرین شامل ہیں۔
ایس 25 الٹرا کے 12جی بی ریم اور 256 جی بی سٹوریج ویرینٹ کی قیمت پچھلے سال کی طرح 1299 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔
مصنوعی ذہانت کے فیچرز
ایس 25 سیریز کا پورا لائن اپ مصنوعی ذہانت سے لیس ہے۔
سام سنگ نے اپنے فونز میں تقریباً ہر جگہ مصنوعی ذہانت شامل کر دی ہے جن میں فوٹو ایڈٹنگ سے لے کر ذاتی نوعیت کی خصوصیات جیسے پرسنلائزڈ ایجنٹس اور LLM شامل ہیں۔
فونز کے مصنوعی ذہانت کے فیچرز درجہ ذیل ہیں۔
اے آئی سلیکٹ:
آپ مصنوعی ذہانت کی مدد سے اپنے فون میں کوئی بھی چیز سلیکٹ کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ سکرین پر موجود کسی تاریخ کو سلیکٹ کریں گے تو یہ فون اپنے کیلنڈر میں شامل کر لے گا۔
سرکل ٹو سرچ اپ ڈیٹ:
یہ فیچر نیا تو نہیں ہے لیکن اس میں کچھ اپ ڈیٹس دیے گئے ہیں۔ اس فیچر سے سکرین پر موجود نام، ای میلز، ویب سائٹ لنکس سلیکٹ کیے جا سکتے ہیں اور سرکل کرنے پر یہ آپ کے لیے لنکس پر سرچ کر سکتا ہے اور فون نمبرز پر سرکل کرنے سے یہ کالز بھی کر سکتا ہے۔
صارفین اب سکرین پر سرکل کرتے ہوئے آڈیوز اور گانوں کا بھی پتا چلا سکتے ہیں۔
کراس ایپ ایکشن:
آپ قدرتی زبان استعمال کرتے ہوئے گوگل جیمینائی سے مختلف ایپلی کیشنز کا استعمال کروا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ مصنوعی ذہانت کو حکم دے سکتے ہیں کہ آنے والی کسی نئی گیم کو سرچ کر کے کیلینڈر پر مارک کردے۔
اے آئی فوٹو سرچ:
آپ اپنی لائبری میں موجود کسی بھی فوٹو کو تلاش کر سکتے ہیں، اور یہ آپ کی وائس کمانڈ پر مصنوعی ذہانت خود کرے گی۔
سیٹنگ سرچ:
صارفین مصنوعی ذہانت کو فون کی کسی نہ مل پانے والی سیٹنگ تلاش کرنے کا بھی کہہ سکتے ہیں۔ جیسے کہ میرے فون کے فونٹ سائز کو بڑا کرنے میں میری مدد کرو۔
پرسنل ڈیٹا انجن:
یہ آپ کا ذاتی ڈیٹا انجن ہے جو ایسے کام کرے گا جیسے آپ نے اپنے لیے ذاتی LLM خود تیار کیا ہو۔ جتنا زیادہ آپ اپنا فون استعمال کرتے ہیں، اتنا ہی یہ آپ کے روزمرہ کے استعمال سے سیکھتا ہے۔
اضافی سیکیورٹی کے لیے صارفین کا ڈیٹا ڈیوائس پر سٹور کیا جاتا ہے نا کہ کلاؤڈ پر۔
ناؤ بریف:
یہ فیچر آپ کو اپنی ضروریات کا اندازہ لگاتے ہوئے، لاک سکرین پر آپ کے Now بار کے ذریعے قابل رسائی تجاویز دے سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، آپ کے معمولات اور عادات کی بنیاد پر یہ ڈرائیونگ موڈ یا نیویگیشن تجویز کر سکتا ہے۔
آڈیو ایریزر:
اس فیچر سے صارفین ویڈیوز میں آڈیو پر زیادہ کنٹرول حاصل کر سکتے۔ صارفین اپنی ویڈیوز میں مختلف آڈیو کے عناصر کو ایڈجسٹ کر سکتے ہیں جیسے کہ غیر ضروری آواز، ہوا کی آواز یا شور وغیرہ۔
مثال کے طور پر، اگر آپ چاہتے ہیں کہ پس منظر کا شور زیادہ نہ ہو، تو آپ اسے کم کر سکتے ہیں، یا آپ سامنے سے آنے والی آواز کو تیز کر سکتے ہیں۔
بہتر جینریٹو ایڈٹ:
یہ فیچر آپ کی تصویروں سے ناپسندیدہ عناصر کو ہٹانے میں مدد کرتا ہے۔ اب تصاویر سے سائے کو بھی ہٹا سکتے ہیں۔
سام سنگ گلیکسی ایس 25 ایج:
سام سنگ کا ایونٹ ایک دلچسپ موڑ پر اختتام پذیر ہوا جب کمپنی نے ایک نئے فون کی جھلک ظاہر کی۔
اس فون کو سام سنگ نے ایس 25 ایج کا نام دیا ہے اور اس کی سب سے اہم خصوصیت یہ تھی کہ یہ نہایت ہی باریک اور پتلا ہے جبکہ اس میں صرف دو کیمرے موجود ہیں۔
بلوم برگ کے مطابق ایس 25 ایج سال 2025 کے آغاز میں ہی لانچ کیا جائے گا اور اس کی قیمت ایس 25 الٹرا سے کم ہونے کی ہی توقع کی جا رہی ہے۔
سام سنگ ایس 25 سیریز کب دستیاب ہوگی؟
صارفین سام سنگ کی ویب سائٹ سے اپنے لیے فون کا پری آرڈر بک کروا سکتے ہیں، اور فونز کی ڈلیوری 7 فروری سے شروع ہوگی۔
پاکستان میں اس فون کی قیمت تاحال سام سنگ نے اپنی ویب سائٹ پر شائع نہیں کی، امکان یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس کی قیمت 4 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد ہی ہوگی۔
سام سنگ ایس 25 سیریز کے لیے پاکستان میں پی ٹی اے ٹیکس کتنا ہوگا؟
پی ٹی اے ٹیکس کا ٹریک رکھنے والی پاکستانی ویب سائٹ فون ورلڈ کے مطابق گلیکسی ایس 25 کا پاسپورٹ پر پی ٹی اے ٹیکس 99،449 روپے اور شناختی کارڈ پر یہی ٹیکس 120،899 روپے ہوسکتا ہے۔
گلیکسی ایس 25 پلس کا پاسپورٹ پر پی ٹی اے ٹیکس 96،999 روپے جبکہ شناختی کارڈ پر 118،500 روپے ہوسکتا ہے۔
گلیکسی ایس 25 الٹرا کا پاسپورٹ پر پی ٹی اے ٹیکس 159،500 روپے اور شناختی کارڈ پر 188،450 روپے ہو سکتا ہے۔
واضح رہے سام سنگ پاکستان میں پی ٹی اے سے تصدیق شدہ فونز فروخت کرتا ہے جن کی ترسیل سے لے کر وارنٹی کلیم پاکستان میں ہی ہوتی ہے۔
پی ٹی اے ٹیکس سام سنگ کے ان فونز کے لیے ہے جو صارفین بیرون ممالک سے درآمد شدہ فون سستی قیمت پر خریدتے ہیں۔ ان فونز کی وارنٹی بھی پاکستان میں کلیم نہیں ہو سکتی۔