Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور انڈیا کے ثقافتی تعلقات قریب لا رہے ہیں: انڈین سفیر

مملکت سے مل کر دنیا میں امن، خوشحالی اور جامع ترقی میں کردار ادا کریں گے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں انڈین سفیر سہیل اعجاز خان نے ریاض میں منعقدہ تقریب  میں کہا ہے’ ثقافت کے باہمی فروغ نے سعودی عرب اور انڈیا کے تعلقات مضبوط کئے ہیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق انڈیا کے 76ویں یوم جمہوریہ کی تقریب کے دوران سفیر نے کہا ’ بالی ووڈ سینما سے لے کر یوگا، موسیقی، روایتی پکوان اور ثقافت سے مشترکہ محبت دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے مسلسل قریب لا رہی ہے۔‘
سہیل اعجاز خان نے اپنے خطاب میں کہا ’ ہمارا ملک سعودی عرب اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دنیا میں امن، خوشحالی اور جامع ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
ریاض سیزن 2024 میں سعودی حکومت کے عالمی ہم آہنگی کے اقدام کے تحت حصہ لینے پر خوشی ہے جس میں مختلف ممالک کے گروپس نے اپنی علاقائی ثقافتی تقریبات منعقد کیں۔
ریاض کے کلچرل پیلس میں گذشتہ روز اتوار کی شام انڈیا کا یوم جمہوریہ منایا گیا، یہاں یادگار ثقافتی تقریب میں سعودی اور انڈین شہریوں نے  بھرپور حصہ لیا۔
سعودی عرب میں تین دہائیوں سے مقیم انڈین شہری عمر خان جو مملکت کو اپنا گھر مانتے ہیں اس تقریب میں شریک تھے، انہوں نے کہا مجھے فخر ہے کہ مملکت میں پلا بڑھا لیکن میری جڑیں انڈیا سے جڑی ہوئی ہیں۔
ایس ٹی سی ٹیکنالوجیز میں پروڈکٹ منیجر کے عہدے پر کام کرنے والے عمر خان نے بتایا ’میں نے سعودی عرب میں گذشتہ 30 برس سے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کی ہے۔‘

دوستی کے رشتے سے جڑے باہمی احترام کے ساتھ  کام کرتے رہیں گے۔ فوٹو عرب نیوز

یہ بات قابل فخر ہے میں یہاں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہا ہوں، میرا ملک دور ہے لیکن ریاض میرا گھر ہے، میں سمجھتا ہوں اس عرصہ میں مملکت کی ساتھ انڈیا کی شراکت داری کو فروغ ملا ہے۔
یوم جمہوریہ کی تقریب میں سفیر کے خطاب کے بعد انڈین نوجوانوں نے روایتی موسیقی اور ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے علاقائی رقص پیش کیا۔
سفارت خانے کی جانب سے منعقد کی جانے والی اس تقریب میں مختلف سٹالز بھی لگائے گئے تھے، جہاں انڈین پکوان، سیاحت اور طبی شعبوں سے متعلق انڈین مصنوعات کو اجاگر کیا گیا۔

انڈین نوجوانوں نے ثقافت اجاگر کرتے ہوئےعلاقائی رقص پیش کیا۔ فوٹو عرب نیوز

انڈیا کی وزارت برائے قبائلی امور کے سٹال پر ملک سے لائی گئی ہینڈی کرافٹ اور ہاتھ سے بنی ہوئی دیگر مصنوعات رکھی گئی تھیں جن میں جیولری اور ملبوسات شامل تھے۔
یوم جمہوریہ تقریب میں موجود ریاض کے استر سند ہسپتال کے عملے نے زائرین کی طبی مسائل پر مشورے دیئے۔
تقریب کے اختتام پر انڈین سفیر نے سعودی عرب اور اس کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’ ہم طویل عرصے سے قائم دوستی کے رشتے کے ساتھ جڑے باہمی احترام اور تعاون پر مبنی مستقبل کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
 

 

شیئر: