’پاکستان سرمایہ کاری کے لیے اہم منزل‘، وزیراعظم سے غیرملکی وفد کی ملاقات
امریکی سرمایہ کار جینٹری بیچ کی قیادت میں ہونے والی ملاقات میں وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا (فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم شہباز شریف سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت امریکی سرمایہ کار جینٹری بیچ نے کی۔
بدھ کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والی پریس کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد اور امید افزا اقتصادی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی پر وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سازگار کاروباری ماحول اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنا کر غیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے پاکستان کے سٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع، ہنرمند، باصلاحیت اور نوجوان افرادی قوت اور تیزی سے پھیلتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ کا ذکر کرتے ہوئے ملک کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہم منزل قرار دیا۔
اس موقع پر جینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کان کنی و معدنیات، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستانی حکومت کی جانب سے کاروبار دوست پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے ملک کی ترقی کی رفتار پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے.