وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری کی ریاض میں ملاقات
وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری کی ریاض میں ملاقات
پیر 11 نومبر 2024 16:07
ملاقات کے دوران پاکستان سے بڑی تعداد میں ہنر مند افرادی قوت کے لیے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پر تبادلہء خیال کیا گیا۔ (فوٹو: وزیراعظم ہاؤس)
وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح اور ایڈوائزر رائل کورٹ محمد التویجری کے درمیان عرب، اسلامی سربراہ کانفرنس کے سائیڈ لائین پر ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اقتصادی تعاون کے حوالے سے پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ ’ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔‘
وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیوچر انوسٹمینٹ انیشی ایٹو فورم کی سائیڈ لائینز پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات انتہائی مفید رہی۔
وزیراعظم نے سعودی وزیرسرمایہ کاری سے کہا کہ ان کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل تھا۔
وزیراعظم نے عرب، اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی قیادت کو خراج تحسین کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان سے بڑی تعداد میں ہنر مند افرادی قوت کے لیے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پر تبادلہء خیال کیا گیا اور اس حوالے سے جلد ایک بڑی پیشرفت متوقع ہے۔
شہباز شریف نے کہا دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں وسیع تر تعاون عملی شکل اختیار کررہا ہے، جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے ویژن 2030 کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔