Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کپل شرما شو کی مستقل مہمان ارچنا پورن سنگھ کیسے زخمی ہوئیں؟

ارچنا پورن سنگھ کو بازو پر چوٹ آئی ہے (فوٹو: یوٹیوب سکرین گریب)
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ اور ’کپل شرما شو‘ کی مستقل مہمان ارچنا پورن سنگھ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران حادثے میں زخمی ہو گئی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’میرے ہاتھ میں فریکچر ہو گیا ہے۔‘
اداکارہ نے اپنے وی لاگ کا مختصر ویڈیو کلپ انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے جس میں شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کی جھلکیاں موجود ہیں۔
انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں ارچنا پورن سنگھ نے لکھا ہے کہ ’جو ہوتا ہے اچھے کے لیے ہوتا ہے، میں یقین کرنے کی کوشش کر رہی ہوں کہ میں بالکل ٹھیک ہوں اور ہمیشہ کی طرح مثبت ہوں، بس ایک ہاتھ سے کام کرنے میں کتنی مشکل ہوتی ہے، اب پتا چل رہا ہے۔‘
اپنے وی لاگ میں ارچنا پورن سنگھ نے بتایا کہ وہ گذشتہ دنوں اداکار راج کمار راؤ کے ساتھ اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر زخمی ہوئیں اور ان کی کلائی ٹُوٹ گئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر ممبئی کے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی سرجری کی گئی۔‘
ارچن پورن سنگھ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے خاندان نے ان کے حادثے پر کس طرح کا ردعمل دیا۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ ہسپتال میں داخل ہونے کے بعد ارچنا پورن سنگھ کے بیٹے آیوشمان شیٹی نے اپنے بھائی اریمان شیٹی کو ان کی سرجری کی اطلاع دی، جس پر اریمان اپنی والدہ کی خیریت کے بارے میں فکرمند ہو کر رونے لگے۔
وی لاگ میں ارچنا پورن سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے حادثے کے پہلے دن اپنے خاندان کے افراد کو اپنی ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں دی، کیونکہ وہ اس حادثے اور چوٹ کے باعث بہت پریشان تھیں۔
وی لاگ کے آخر میں ارچنا پورن سنگھ کو ہسپتال سے فارغ ہوتے اور اپنے شوہر اور بچوں سے ملتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

 

شیئر: