’فلائی اے ڈیل‘ ایئرلائن کو 30 نئے ایئربس 320 کی کھیپ میں سے پہلا طیارہ مل گیا
جمعرات 16 ستمبر 2021 16:02
اے 320 نیو اعلیٰ کارکردگی کے حامل جدید ترین ماڈلز میں سے ایک ہے جو مختصر اور درمیانے فاصلے پر چلنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔(فائل فوٹو: سکائی ٹریکس)
سعودی عرب کی سستی ایئرلائن ’فلائی اے ڈیل‘ نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک تقریب میں 30 نئے ایئربس 320 نیو (A320neo) میں سے پہلا طیارہ حاصل کر لیا۔
سعودی پریس ایجنسی (ای پی اے) کے مطابق اے 320 نیو اعلیٰ کارکردگی کے حامل جدید ترین ماڈلز میں سے ایک ہے جو مختصر اور درمیانے فاصلے پر چلنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس کی خاص بات ایندھن کی کھپت میں 20 فیصد کمی ہے۔
جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والی تقریب میں ایک پریزنٹیشن کے مطابق فلائیڈیل کو 2025 تک اس ماڈل کے 30 طیارے مل جائیں گے۔
فلائی اے ڈیل کے سی ای او کون کورفیٹس نے کمپنی کے اپنے بیڑے اور مقامی پروازوں کے نیٹ ورک کی توسیع پر بھی زور دیا جن میں 14 مقامات شامل ہیں۔
تقریب میں 15 اے 320 طیاروں پر مشتمل جدید بیڑے کے ذریعے روزانہ پروازوں کو 88 تک بڑھانے کی فلائیڈیل کی صلاحیت کا ذکر بھی کیا گیا۔
خیال رہے کہ فلائی اے ڈیل جو کہ سعودی ایئرلائن کی ملکیت ہے، نے 2017 میں پروازیں شروع کرنے کے بعد سے ایک کروڑ دس لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری خدمات دی ہے۔