Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض اونٹ ریس فیسٹیول میں خواتین ریسر کی شرکت میں اضافہ

رواں سال 12 ممالک سے 30 اونٹ سوار خواتین نے حصہ لیا ہے۔ فوٹو واس
ریاض  میں ہونے والے خادم حرمین شریفین اونٹ فیسٹیول میں ہونے والی اونٹ ریس میں حصہ لینے والی خواتین کی تعداد گذشتہ سال 2024 کے اونٹ ریس مقابلوں سے دو گنا زیادہ ہو گئی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق منتظمین نے رواں سال اونٹ فیسٹیول میں شرکاء کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایونٹ میں دوسرے راؤنڈ کی دوڑ کا فیصلہ کیا ہے جس میں 18 سعودی خواتین اونٹ سوار شامل ہوں گی۔
سعودی اونٹ فیڈریشن کے زیراہتمام منعقد کئےجانیوالے اس فیسٹیول کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری کو  ریاض کے الجنادریہ اونٹ دوڑ ٹریک پر ہوا جو بدھ 5 فروری کو اختتام پذیر ہوگا۔
سعودی اونٹ فیسٹیول میں شامل فاتحین میں 70 ملین ریال سے زائد کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
گزشتہ سال کے اونٹ فیسٹیول میں برطانیہ، فرانس، جرمنی، ایران، اردن، عمان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمن سے 15 اونٹ سوار خواتین نے شرکت کی تھی۔

اونٹ فیڈریشن کے زیراہتمام الجنادریہ اونٹ ریس ٹریک پر مقابلے منعقد ہوئے۔ فوٹو واس

رواں سال منعقد ہونے والے اونٹ فیسٹیول میں الجزائر، بحرین، برطانیہ، فرانس، جرمنی، عمان، پولینڈ، سعودی عرب، سوئٹزرلینڈ، متحدہ عرب امارات، امریکہ اور یمن سمیت 12 ممالک سے 30 اونٹ سوار خواتین نے حصہ لیا ہے۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی اونٹ سوار کے لیے 60 ہزار ریال کا انعام۔ فوٹو واس

شرکاء کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث انعامی رقم میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی خاتون اونٹ سوار کو 60 ہزار ریال دئیے جائیں گے۔
 

 

شیئر: