حزب اللہ کا اپنے سابق سربراہ حسن نصراللہ کی تدفین فروری میں کرنے اعلان
حسن نصر اللہ کے جسد خاکی کو بیروت کے مضافات میں پرانے اور نئے ایئرپورٹ کے درمیان دفن کیا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
گزشتہ برس اسرائیل کے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی نماز جنازہ فروری میں ادا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ کے موجودہ سربراہ نعیم قاسم نے اتوار کو کہا کہ مقتول رہنما کی نماز جنازہ 23 فروری کو ادا کی جائے گی۔
نعیم قاسم نے ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کی مسلسل دو ماہ تک جاری رہنے والی جنگ کے 27 نومبر کو جنگ بندی کے بعد سکیورٹی کے حالات ایسے ہوئے گئے ہیں کہ نماز جنازہ ادا کر دی جائے۔ اس لیے حزب اللہ نے 23 فروری کو نماز جنازہ کے عوامی اجتماع کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
اس طرح حسن نصر اللہ کو ان کی ہلاکت کے لگ بھگ پانچ ماہ بعد سپردخاک کیا جائے گا۔
حسن نصر اللہ 27 ستمبر 2023 کو ہلاک ہوئے تھے اور اس وقت حزب اللہ نے ان کی عارضی تدفین کی تھی۔
نعیم قاسم نے مزید کہا کہ حسن نصر اللہ کے جسد خاکی کو بیروت کے مضافات میں پرانے اور نئے ایئرپورٹ کے درمیان ایک قطعے میں دفن کیا جائے گا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ نعیم قاسم نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ حسن نصر اللہ کے بعد ہاشم صفی الدین کو ان کا جانشین منتخب کیا گیا تھا۔ لیکن ہاشم صفی الدین بھی اکتوبر 2023 میں اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ بھی 23 فروری کو ادا کی جائے گی اور ان کی تدفین ان کے آبائی علاقے دیر قانون میں کی جائے گی۔