Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی 3 بندرگاہوں پر پانچ نئی شپنگ سروسز کا اضافہ

جدہ پورٹ کا ہیپگ لائیڈ اور میرکس شپنگ کمپنیوں سے معاہدہ طے پایا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف پورٹس ’موانی‘ نے اتوار کو جدہ اسلامی بندرگاہ، کنگ عبدالعزیز پورٹ دمام اور الجبيل کمرشل پورٹ کے لیے ہیپگ لائیڈ اور میرکس کی پانچ نئی شپنگ سروسز کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق موانی نے اپنے بیان میں کہا ہے ’نئی سروسز سعودی عرب کی تین پورٹس کو اردن کی عقبہ، مصر کی پورٹ سعید، مراکش کی طنجة، سپین کی الجسیراس، متحدہ عرب امارات کی جبل علی، عمان کی صلالہ اور انڈیا کی مندار اور پیپاو پورٹ سے جوڑیں گی۔‘
نئی سروسز کے اضافے سے خطے اور عالمی سطح پر سعودی عرب کی بندرگاہوں کی مسابقتی حیثیت مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے، شپنگ سروسز مجموعی طور پر 19869 کنٹینرز لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
سعودی پورٹس اتھارٹی نے بتایا ہے ’مملکت کو میری ٹائم نیویگیشن نیٹ ورک کنیکٹیویٹی انڈیکس میں مزید بڑھانے کی کوششیں نیشنل سٹریٹجی فار ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس سروسز کے اہداف کے مطابق جاری ہیں۔
قبل ازیں جدہ اسلامی بندرگاہ کو ہیپگ لائیڈ اور میرکس شپنگ کمپنیوں کے درمیان معاہدے کے لیے ایک مرکز کے طور پر منتخب کیا گیا تھا جس کے تحت تقریباً 340 جدید اور مؤثر جہاز سات مختلف راستوں پر 57 سروسز فراہم کریں گے۔
 

 

شیئر: