Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمام پورٹ کو سات عالمی مراکز سے جوڑنے کے لیے نئی شپنگ سروس

اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کے مطابق اٹھایا گیا ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز پورٹ دمام نے سات اضافی عالمی مقامات کے ساتھ روابط بڑھانے کے لیے ایک شپنگ سروس کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فرانس کے کنٹینر کیریئر سی ایم اے سی ایم جی کے ذریعے چلائی جانے والی انڈیا گلف ایکسپریس شپنگ سروس کی نقاب کشائی سعودی پورٹس اتھارٹی نے کی۔
نئی سروس نے دمام پورٹ اور انڈیا میں نہوا شیوا، موندرا اور منگلور سمیت سات بڑے سمندری مراکز کے درمیان براہ راست رابطہ قائم کیا ہے۔
ان مراکز میں سری لنکا میں کولمبو، متحدہ عرب امارات میں جبل علی اور خلیفہ اور عراق میں ام قصر بھی شامل ہیں۔
39 ہزار کنٹینرز سے زیادہ گنجائش کے ساتھ نئی سروس میں ہفتہ وار چار بحری جہاز شامل ہیں جو تجارتی صلاحیت، مسابقت اور کنگ عبدالعزیز پورٹ کے رابطے کو مضبوط بناتے ہیں۔
یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کے مطابق ہے جس کا مقصد سمندری روابط کو تقویت دینا، تیز تر ٹرانزٹ اوقات فراہم کرنا، مقامی برآمد کنندگان کے لیے کفایت شعاری کے حل پیش کرنے کے علاوہ مملکت کو ایک اہم لاجسٹک اور اقتصادی پاور ہاؤس کے طور پر قائم کرنا ہے۔
نئی سروس اس سال پورٹ اتھارٹی کے سمندری رابطوں کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک میں 25 واں اضافہ ہے۔
اس نے تیسری سہ ماہی کے دوران اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تجارت اور ترقی کے لائنر شپنگ کنیکٹیویٹی انڈیکس میں ملک کے 77.66 پوائنٹس کے بہتر سکور میں حصہ ڈالا ہے جو دوسری سہ ماہی میں 76.16 پوائنٹس سے زیادہ ہے۔
لائیڈز کی 2023 کی سرفہرست 100 پورٹس کی فہرست کے مطابق سالانہ کنٹینر تھرو پٹ حجم کے لحاظ سے سعودی عرب عالمی سطح پر 16 ویں نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ مملکت کی پورٹس نے 2022 میں 10.44 ملین کنٹینرز کو ہینڈل کیا۔ سعودی عرب کا منصوبہ 2030 تک ان پورٹس کی صلاحیت کو  40 ملین کنٹینرز سے زیادہ تک لے کر جانا ہے۔

شیئر: